فدائی نے حملے سے قبل ویڈیو ریکارڈ کرایا!

سرینگر// جنوبی کشمیر کے لیتہ پورہ میں سی آر پی ایف کے ایک تربیتی مرکز پر ہوئے حملے میں مارے جانے والے دو مقامی حملہ آوروں میں سے ایک خود جموں کشمیر پولس کے ایک اہلکار کے فرزند تھے جنہوں نے حملہ کرنے سے قبل ایک ویڈیو ریکارڈ کرایا تھا جو اب سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر جنگل کی آگ ہوگیا ہے۔فردین کھانڈے عرف ابو معاذ ساکن ترال نامی لڑکے کے والد جموں کشمیر پولس میں سپاہی ہیں اور 16سالہ فردین چند ماہ قبل اچانک گھر سے غائب ہوکر جنگجووں کے ساتھ جا ملے تھے۔

”اگر اللہ نے چاہا ،جب یہ پیغام آپ تک پہنچے گا،میں اپنے رب کی جنت کا مہمان بن چکا ہوں گا“۔

سنیچر اور اتوار کی رات کو فردین کے آبائی ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ میں واقع سی آر پی ایف کے ایک تربیتی مرکز پر ہوئے فدائین حملے میں فورس کے کم از کم پانچ اہلکار ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہو گئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں فردین اور منظور احمد بابا نامی دو مقامی جنگجووں کے سمیت تین حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔ منظور احمد بابا پلوامہ ضلع کے دربگام کے باشندہ تھے اور ان دونوں کا تعلق جیشِ محمد تنظیم کے ساتھ تھا۔حالانکہ کشمیری نوجوانوں میں جنگجوئیت کے راستے جانا کوئی نیا رجحان نہیں ہے تاہم فدائین دستوں میں کشمیری لڑکوں کی شمولیت یقیناََ ایک نئی چیز ہے جس پر سرکاری ایجنسیوں کو تشویش ہونا چاہیئے۔ حالانکہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب کسی کشمیری نوجوان نے یوں فدائین حملہ کیا ہو تاہم عام حالات میں فدائین حملوں میں فقط پاکستانی،افغانی یا دیگر ممالک کے ہی جنگجو شامل ہوتے دیکھے جاتے رہے ہیں اور یہ برسوں بعد ہے کہ جب دوکشمیری لڑکوں کو یوں فدائین دستے میں شامل ہوتے پایا گیا ہے۔مبصرین کے مطابق کشمیر لڑکوں کا فدائین حملوں کیلئے تیار ہونا ایک سنگین مسئلہ ہے جو سکیورٹی ایجنسیوں کیلئے نیا چلینج بن کر ابھر سکتا ہے۔

فردین کے مارے جانے کے فوری بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر ایک ویڈیو پیغام گشت میں آیا ہے کہ جس میں درجن بھر گرنیڈ اور کم از کم تین کلاشنکوف لیکر فردین دوزانوں بیٹھے تقریر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔تقریر کا آغاز قران کی آیات کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ آٹھ منٹ کی تقریر کے دوران انتہائی فصیح و بلیغ انداز میں مذکورہ کمسن جنگجو پُرجوش اشعار بھی دہراتے ہیں۔قران کی آیات کے بعد فردین کشمیری قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں”اگر اللہ نے چاہا ،جب یہ پیغام آپ تک پہنچے گا،میں اپنے رب کی جنت کا مہمان بن چکا ہوں گا“۔اس پیغام میں وہ واضح اشارہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ایک فدائین حملے کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں۔ویڈیو میں کشمیری نوجوانوں کے ساتھ ساتھ پورے ہندوستان کے مسلمانوں سے جیشِ محمد میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے اور ہندوستان کو سخت دھمکیاں دی گئی ہیں۔یہ پہلی بار ہے کہ جب کسی فدائی جنگجو نے حملہ کرنے سے قبل یوں ویڈیو ریکارڈ کرایا ہو اور حملے کرنے کے بارے میں اعلان کیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں

پست قدجیش کمانڈرنور محمد تانترے جاں بحق

Exit mobile version