اسلام آباد// چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ نے عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کو کل پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عمران خان خود پیش ہو کربتائیں عدالتی سوالات جے جواب کون دے گا اور کیس کو کیسے آگے چلانا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کا وکیل پیش نہ ہونا ہمارے لیے اپ سیٹنگ ہے، پی ٹی آئی کے وکیل تو درخواستوں کے جواب بھی جمع کرا کے نہیں گئے ۔عدالت نے عمران خان کو جواب داخل کرانے کا حکم دیا تھا مگر اب دیکھ رہے ہیں کہ 2درخواستوں پر جواب نہیں آیا ۔’’پھر عمران خان کو درخواست کرتے ہیں خود آجائیں‘‘۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وکلاءعدالت کی معاونت کریں ، صرف جواب جمع نہیں کرانا دلائل بھی دینے ہیں، دیکھنا ہے کسی کو بددیانت قرار دینے کیلئے کیا معیار ہو گا ۔
جسٹس عطا بندیال نے کہا کہ کیس میں بہت سے لیگل ایشوز ہیں ، چاہتے ہیں وکلاءعدالت کی مکمل معاونت کریں۔
درخواست گزار کے وکیل اکرم شیخ نے موقف اپنایا کہ عمران خان کے وکیل کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا ، سارا کیس فارن فنڈنگ کی بنیاد پر چل رہا ہے ۔