راجوری //
ڈپٹی کمشنر راجوری نے لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقعہ سکولوں کو اِن علاقوں میں شلنگ کی صورتحال کے پیش نظر غیر معینہ مدت کے لئے بند رکھے جانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔واضح رہے کہ راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں گزشتہ تین دن سے لگاتار ہندوپاک افواج کے مابین گولہ باری جاری ہے جس میں ابھی تک کئی افراد مارے جاچکے ہیں اور دیگر کئی زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل ہورہی گولہ باری کی وجہ سے نوشہرہ سیکٹر کے ساتھ ساتھ ان سبھی علاقوں میں خوف و حراس پھیل گیا ہے کہ جہاں جہاں پاکستانی گولوں کے گرنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ان ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول کے نزدیک جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران جھانجر علاقے میں 2 سکولوں کو نقصان پہنچا ہے جسے دیکھتے ہوئے نوشہرہ میں 2ہائرسکینڈری سکولوں اور 5 ہائی سکولوں سمیت51سکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ اسکولی بچوں کی حفاظت کی اہمیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے صورتحال کے ٹھیک ہوجانے تک گولہ باری کی زد میں آنے والے علاقوں کے اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔