نئی دلی// جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینے میں مخلص اور سنجیدہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ وہ کشمیر پر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو روبہ عمل لانے کیلئے ہر پیشگی شرط پورا کرنے کو تیار ہے۔یہ بات نئی دلی سے واپس جارہے سفیر عبدالباسط نے آج یہاں ایک پروگرام کے دوران جموں کشمیر میں شمالی کشمیر کے لنگیٹ حلقہ انتخاب کے ممبر اسمبلی انجینئر رشید کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ اُنکا ملک ہمیشہ سے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئیندہ بھی حمایت جاری رکھے گا۔عبدالباسط نے نوکری سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی ہے اور وہ واپس وطن جانے سے قبل یہاں ایک تقریب میں شامل تھے جہاں اُنہیں الوداع کہا گیا۔
انجینئر رشید نے عبدالباسط سے پوچھا تھا کہ چونکہ نئی دلی یہ پروپیگنڈہ کرتی آرہی ہے کہ پاکستان کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے پیشگی شرائط کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہے لہٰذا انہیں اس بارے میں وضاحت کرنی چاہیئے۔
عوامی اتحاد پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انجینئر رشید نے عبدالباسط سے پوچھا تھا کہ چونکہ نئی دلی یہ پروپیگنڈہ کرتی آرہی ہے کہ پاکستان کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے پیشگی شرائط کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہے لہٰذا انہیں اس بارے میں وضاحت کرنی چاہیئے۔ انجینئر رشید کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینے میں مخلص ہے تو پھر اسے بھارتی پروپیگنڈہ کا توڑ کرنے کیلئے کھلے عام ایسے اقدامات کرنے چاہیئں کہ جس سے اسکی آمادگی ظاہر ہوتی ہو۔ تاہم پاکستانی سفیر نے وضاحت کے ساتھ کہا کہ ُانکا ملک ہمیشہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روبہ عمل لانے اور اس حوالے سے کوئی بھی ضروری اقدام کرنے پر آمادہ رہا ہے۔عبدالباسط نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ ہی کشمیریوں کے مطالبہ حق خود ارادیت کا حامی رہا ہے اور آگے بھی اسکی حمایت کرتا رہے گا۔انجینئر رشید نے کہا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کی پالیسی واضح ہوگئی ہے اور تمام ابہام ہمیشہ کیلئے ختم سمجھا جانا چاہیئے۔
اس سے قبل کشمیر پر جاری کانفرنس کے دوسرے دن انجینئر رشید ،جنہوں نے کانفرنس کے پہلے دن کل مدلل اور مفصل تقریر کی تھی،نے بھارتی میڈیا پر کشمیر کے حوالے سے اخلاق اور اصول سے عاری صحافت کرنے کا الزام لگایا۔تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے رول کے موضوع پر بحث و مباحثے میں شریک ہوکر انجینئر رشید نے کہا کہ میجر گگوئی کی حمایت کرنے،معصوم کشمیریوں پر پیلٹ گن چلائے جانے کو نظرانداز کرنے،ہر پروگرام میں کشمیریوں کو گالیاں دینے اور حریت قیادت کو دہشت گرد بتانے سے بھارتی میڈیا کی اعتباریت نہ صرف کشمیریوں کی نظروں میں بلکہ خود سمجھدار بھارتیوں کی نظروں میں بھی ختم ہو چکی ہے۔
بیان کے مطابق انجینئر رشید نے مباحثے کے دوران عمر عبداللہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اور محبوبہ مفتی نے نئی دلی کو کشمیر کے اصل مسئلہ سے فرار سے روکنے کی کوئی مشترکہ کوشش کیوں نہیں کی جسکے جواب میں عمر عبداللہ نے کئی بار پہل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے محبوبہ مفتی پر سرد مہری کے اظہار کا الزام لگایا۔انجینئر رشید نے تاہم کئی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈٰ پی نے کس طرح نئی دلی کو مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ فرار کا راستہ فراہم کرتے ہوئے نہ صرف اس مسئلے کے لٹکتے رہنے میں کردار ادا کیا ہے بلکہ کشمیریوں کی مصیبتوں کو بھی طول دیا گیا ہے۔