اسلام آباد// جنوبی کشمیر کے اسلام آباد قصبہ میں نا معلوم جنگجووں نے دن دہاڑے ایک پولس اہلکار ہر حملہ کرکے انہیں گولی مار کر شدید زخمی کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ قصبہ میں ضلع ہیڈکوارٹر کے قریب ہوا ہے اور زخمی اہلکار کی حالت انتہائی نازک ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ رنبیر سنگھ نامی خصوصی پولس اہلکار (ایس پی او) ضلع کمشنر کے دفتر کے باہر تعینات ڈیوٹی کررہے تھے کہ جب نا معلوم جنگجووں نے ان پر نزدیک سے پے در پے کئی گولیاں چلائیں جن سے وہ خون میں لت پت ہوکر گر گئے۔بتایا جاتا ہے کہ زخمی اہلکار کو قصبہ میں واقع ضلع اسپتال جنگلات منڈی پہنچایا گیا تاہم انکی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں سرینگر روانہ کردیا۔ایک خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے۔
حملے کے فوری بعد سرکاری فورسز کی بھاری جمیعت نے یہاں کا محاصرہ کرکے راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشی لینا شروع کی جس سے یہاں خوف و حراس پھیل گیا تاہم ذرائع کے مطابق آخری اطلاعات ملنے تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔