میڈیکل بلاک لنگیٹ ویب سائٹ جاری کرنے والا پہلا میڈیکل بلاک بن گیا!

سرینگر// محکمہ صحت کے میڈیکل بلاک لنگیٹ نے اپنی ویب سائٹ شروع کی ہے اور یوں یہ پورے ملک میں اپنی ویب سائٹ رکھنے والا پہلا میڈیکل بلاک بن گیا ہے۔www.bmolangate.comکے نام سے جاری کی گئی اس ویب سائٹ کا افتتاح محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم الرحمٰن نے آج یہاں ایک تقریب کے دوران بلاک میڈیکل افسر(بی ایم او)لنگیٹ ڈاکٹر نذیر احمد اور دیگر افسروں کی موجودگی میں کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات صحت عامہ سے متعلق جانکاری عام کرنے اور محکمہ کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں کی بھرپور تشہیر کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

”ویب سائٹ پر پورے بلاک میں تعینات آشاورکروں اور اُنکے فون نمبرات تک دستیاب رکھے گئے ہیں اور آپ گھر بیٹھے یہ تک پتہ کرسکتے ہیں کہ آپ کے کونسے اسپتال میں کونسی دوائی مفت دستیاب ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہم اس ویب سائٹ کو صحت عامہ سے متعلق ضروری جانکاری کی بھرپور تشہیر کیلئے استعمال کریں،بہتر جانکاری بہتر صحت کی ضمانت ہوسکتی ہے“۔

ذرائع کے مطابق آر این پی ٹی سی برزلہ میں منعقدہ ایک مختصر تقریب کے دوران ڈاکٹر سلیم الرحمٰن نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر میڈیکل بلاک لنگیٹ کی ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔اُنہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاک لنگیٹ اپنی ویب سائٹ شروع کرنے والا پہلا میڈیکل بلاک بن گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر محکمہ صحت کی اس انتظامی اکائی اور اسکے تحت آنے والے اسپتالوں و صحت مراکز کی ضروری جانکاری دستیاب رکھی گئی ہے اور یہ عوام کیلئے انتہائی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ڈاکٹر سلیم الرحمٰن نے بی ایم او لنگیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے وقت کے تقاضاکے مطابق ایک اچھی پہل کرکے بلاک کی کارکردگی اور دیگر ضروری جانکاری آن لائن دستیاب رکھی ہے اور اس سے لوگ کافی استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔

تقریب میں موجود بی ایم او لنگیٹ ڈاکٹر نذیر نے کہا کہ اُنہوں نے ویب سائٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق بنوایا ہے اور اس میں وہ ساری جانکاری رکھنے کی کوشش کی ہے کہ جس میں میڈیکل بلاک لنگیٹ کے تحت آںے والے علاقوں کے لوگوں کو با الخصوص اور یہاں سے باہر کے لوگوں کو با العموم دلچسپی ہوسکتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک ”ریسپانسیو“ویب سائٹ ہے جسے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ سے لیکر موبائل فون تک کسی بھی طرح کے اسکرین پر آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا”ہمیں خوشی ہے کہ ہم بلاک سطح پر ویب سائٹ شروع کرنے میں سب سے آگے ہیں حالانکہ کسی بھی محکمہ کیلئے ویب سائٹ آج کے دور کی ضرورت ہے اور تقریباََ سبھی محکموں کی ویب سائٹیں پہلے سے موجود بھی ہیں“۔اُنہوں نے کہا کہ چونکہ زمانہ ڈیجیٹل ہے اور آجکل کے لوگ زیادہ سے زیادہ جانکاری کیلئے انٹرنیٹ پر آتے ہیں لہٰذا اُنہوں نے اسی چیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایک پہل کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اُنہوں نے ویب سائٹ تیار کرنے والی کمپنی کے ماہرین کے ساتھ رہکر ویب سائٹ کو ایک سہل اور آسان انداز میں پیش کرنا چاہا ہے تاکہ لوگ اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرسکیں۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی لیکر ہر طرح کا تعاون ہی نہیں دیا ہے بلکہ اس پہل کیلئے اُنکی خوب حوصلہ افزائی کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر نذیر نے کہا کہ مذکورہ ویب سائٹ پر نہ صرف بلاک کے تحت آنے والے سبھی صحت مراکز کے عملہ اور یہاں دستیاب سہولیات کی مکمل جانکاری دستیاب ہے بلکہ محکمہ صحت کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں،مفت تقسیم کی جانے والی ادویات ،عام لوگوں کیلئے وقت وقت پر جاری کی جانے والی ہدایات اور دیگر کئی جانکاریوں کے علاوہ ”ہیلتھ ٹپس“اور محکمہ کی کارکردگی سے متعلق خبریں بھی دستیاب رکھی گئی ہیں۔اُنہوں نے کہا”ویب سائٹ پر پورے بلاک میں تعینات آشاورکروں اور اُنکے فون نمبرات تک دستیاب رکھے گئے ہیں اور آپ گھر بیٹھے یہ تک پتہ کرسکتے ہیں کہ آپ کے کونسے اسپتال میں کونسی دوائی مفت دستیاب ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہم اس ویب سائٹ کو صحت عامہ سے متعلق ضروری جانکاری کی بھرپور تشہیر کیلئے استعمال کریں،بہتر جانکاری بہتر صحت کی ضمانت ہوسکتی ہے“۔

Exit mobile version