سرینگر // میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ کے شعبہ سرجیکل گیسٹرو انٹرولوجی کے زیرِ اہتمام کل ’’ پورٹل ہائیپر ٹینشن ‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سمینار کا انعقاد ہوا جس میں صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ سکمز میڈیکل کالج اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی ممبران نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی ۔
پروگرام کے آرگنائیزنگ چئیر مین پروفیسر عمر جاوید شاہ نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ سکمز صورہ ریاست کے لوگوں کی ایک اُمید بن کر اُبھرا ہے ۔ سکمز کے ڈین فیکلٹی پروفیسر الطاف کرمانی نے اپنے مختصر خطبے میں سکمز کی تدریسی و تحقیقی حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ ادارے کے سربراہ پروفیسر اے جی آہنگر نے شعبہ گیسٹر و انٹرولوجی میں مریضوں کو فراہم کئے جانے والے علاج و معالجے اور دیگر سہولیات کی تعریف کی ۔
آرگنائیزنگ سیکرٹری ڈاکٹر صدف علی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سی ایم ای کے رول کو بیان کیا ۔ انہوں نے ملک میں سرجیکل گیسٹرو انٹرولوجی کے بانی پروفیسر ایس ناندی اور فورٹس اسکارٹس نئی دہلی کے پروفیسر اجے کمار کا آج کے پروگرام میں شرکت کرنے کیلئے خصوصی طور شکریہ ادا کیا ۔ جن دیگر معروف شخصیات نے سمینار میں شرکت کی اُن میں پروفیسر ایم ایس کھورو ، پروفیسر شوکت علی زرگر، پروفیسر معراج الدین ، پروفیسر محمد افضل وانی اور پروفیسر ریاض اونتو شامل ہیں ۔
سیمنار پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر بالی بھگت نے سکمز صورہ کی غیر معمولی کارکردگی کی کافی سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایسے ادارے کا ہونا باعث افتخار ہے جہاں ریاست بھر سے آنے والے مریضوں کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات بہم رکھی جاتی ہیں ۔ انہوں نے گذشتہ برس موسمِ گرما کے نامساعد حالات کے دوران صورہ انسٹی چیوٹ کی کارکردگی کا خصوصی طور ذکر کیا ۔ سمینار کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر نے امید ظاہر کی کہ نوجوان ڈاکٹر اس پروگرام سے خصوصی طور مستفید ہوں گے ۔ اس سے قبل پروگرام کے منتظمین نے وزیر صحت کو ایک شال اور مومنٹو پیش کر کے اُن کی عزت افزائی کی ۔