این ای ای ٹی کے لئے مفت کوچنگ کا نظم

جموں// جموں کشمیر سرکار کے محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ نے این ای ای ٹی ۔2017ءمیں شرکت کرنے والے ریاست جموں وکشمیر کے طالب علموں کی کونسلنگ کے لئے آئی آئی ٹی تربیت یافتہ وویک گپتا کی خدمات حاصل کی ہےں۔محکمہ کے ڈائریکٹر مختار العزیز کے مطابق آئی آئی ٹی ممبئی سے بی ٹیک وویک گپتا 13اپریل 2017ءکو سرینگر میں طالب علموں کی کونسلنگ کریں گے۔
وویک گپتا جنہوںنے ملک بھر کے تقریباً 30,000 طالب علموں کو مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے بارے میں کونسلنگ کی ہے ،جموں وکشمیر کے طالب علموں کو این ای ای ٹی میں کامیابی حاصل کرنے کے بارے میں جانکاری دیں گے۔
مختار العزیز نے کہا کہ کونسلنگ کے خواہش مند طالب علم ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریریز میونسپل کارپوریشن بلڈنگ کرن نگر سرینگر کے دفتر میں فون نمبرات 0194-2481571,0194-2482452یاموبائیل نمبر 9419004558 پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ لائبریریز اینڈ ریسرچ محکمہ نے این ای ای ٹی ، جی ای ای اور سی ای ٹی میں شامل ہونے والے خواہشمند امید واروں کے لئے اس برس پہلی بار ای ۔ کوچنگ اور ای۔ لرننگ کا پروگرام شروع کیا ہے۔اس پہل کے تحت آئی ٹی تدریسی مواد بشمول ویڈیو لیکچر ، ای۔ کتب اور تحریری مواد سرکاری کتب خانوں میں مفت دستیاب رکھا گیا ہے تاکہ خواہشمند طالب علم اس سے استفادہ کر سکیں۔تقریباً2500 سے زائد ویڈیو لیکچر ، 75000 تحریری سوالات و جوابات،150ای۔کتب کے علاوہ دیگر کئی کتابیں دستیاب رکھی گئی ہیں۔
مختار العزیز نے کہا ”یہ ہمارے تعلیمی نظام میں ایک انقلابی قدم ہے،ایک طالب علم کو 100 آئی آئی ٹی اداروں کی جانب سے تیار کئے گئے تدریسی مواد تک رسائی کے لئے صرف مقامی لائبریری میں جا کر رجسٹریشن کرانی ہے“۔انہوں نے کہاکہ کتب خانوں میں کمپیوٹر ، ٹیب اور شائع شدہ مواد مفت دستیاب رکھا گیا ہے۔انہوںنے تاہم کہاکہ یہ مواد گھرنہیں لے جایا جاسکتا اور طالب علم لائبریری آکر اس سے استفاد ہ کرسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ طالبعلم اپنے استفسارات کے جوابات حاصل کرنے کے لئے ماہرین سے آن لائن رابطہ کرسکتے ہیں اور اس کے لئے انہیں کوئی فیس نہیں دینی ہوگی۔این ای ای ٹی کی تیاری کر رہے طالب علموں نے لائبریریز اینڈ ریسرچ محکمہ کی جانب سے دستیاب رکھے گئے تدریسی مواد کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

Exit mobile version