پاکستان چوتھے نمبر کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بن گئی

انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ درجہ بندی میں پاکستان چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے دورے میں میزبان ٹیم کو 3-1 سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے۔
پورٹ آف سپین کے میدان پر کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔اس وقت پاکستان سے بہتر ٹیموں میں پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ، دوسرے پر انڈیا اور تیسرے پر جنوبی افریقہ ہے۔
تیسری پوزیشن والے جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان صرف آٹھ پوائنٹس کا فرق ہے۔ اگر پاکستان ویسٹ انڈیز کو 4-0 سے شکست دینے میں کامیاب ہوتا تو پاکستان تیسرے نمبر پر آ سکتا تھا۔ویسٹ انڈیز کی سیریز سے قبل پاکستان کی ساتویں پوزیشن تھی۔ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑیوں کی انفرادی درجہ بندی میں بلے بازی میں پہلے دس کھلاڑیوں میں کوئی بھی پاکستان کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بولنگ کے شعبے میں پاکستان کے بہترین بولر عماد وسیم ہیں جن کا چوتھا نمبر ہے۔ادھر آل راونڈرز کی درجہ بندی میں ٹاپ ٹن کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی تیسرے نمبر اور محمد حفیظ ساتویں نمبر پر ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ پاکستان کی ایک روزہ میچوں میں آٹھویں اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں پوزیشن ہے۔

Exit mobile version