ورلڈ کپ میں شرکت مشکل ہے :سرفراز احمد

سرینگر(تفصیلات کھیل خبر)
پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی قیادت میں منگل کی شب ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہورہی ہے۔اس دورے میں وہ چار ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی جس کے بعد تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے ۔

سرفراز احمد کو حال ہی میں اظہرعلی کی جگہ ون ڈے کی کپتانی سونپی گئی ہے اور ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج پاکستان کی ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت ہے اور سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کےخلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرے۔انہوں نے کہا ہے’’مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ہمارے لیے سب سے اہم بات ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت ہے اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ یہ سیریز جیت کر ورلڈ کپ کےلیے اپنی پوزیشن کلیئر کریں‘‘۔
واضح رہے کہ اسوقت پاکستان کی ون ڈے کی عالمی رینکنگ آٹھویں ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی نویں ہے۔ جو ٹیمیں اس سال تیس ستمبر تک عالمی رینکنگ میں پہلی آٹھ پوزیشنز پر ہونگی وہ ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کی اہل ہونگی۔
سرفراز احمد اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ دو سال سے پاکستان کی ون ڈے میں کارکردگی اچھی نہیں رہی اور وہ اس کا ازالہ کرنے کے لیے بہت سنجیدہ ہیں۔وہ کہتے ہیں’’گزشتہ سیریز میں فیلڈنگ میں خامیاں سامنےآئیں کوشش کریں گے کہ فیلڈنگ میں کم سے کم غلطیاں ہوں ۔کیچز ڈراپ نہ ہوں اور حریف ٹیم کو زیادہ اسکور سے روکنے کےلیے اچھی فیلڈنگ کی جائے‘‘۔

سرفراز احمد ٹیم میں موجود سینیئر کرکٹرز کی موجودگی کو اپنے لیے پریشانی نہیں سمجھتے۔’’کپتانی یقیناً کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہوتی ہے ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سینئر ہوں یا جونیئر سب سے میرے تعلقات بہت اچھے ہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ مجھے کوئی پریشانی ہوگی‘‘۔سرفرازاحمد تسلیم کرتے ہیں کہ شرجیل خان کے نہ ہونے سے ٹیم کا کامبی نیشن متاثر ہوگا۔انکا کہنا ہے ’’اس طرح کی صورتحال سے افسوس ہوتا ہے کیونکہ کچھ کھلاڑی ایسے ہوتے ہیں جو ٹیم کے لیے کارآمد ہوتے ہیں اس کی ضرورت ہوتے ہیں ۔جیسا کہ شرجیل خان تھے جو تینوں فارمیٹس میں سیٹ ہورہے تھے اور جب اس طرح کی صورتحال پیدا ہوجائے تو ٹیم کا کامبی نیشن خراب ہونے کا دکھ ہوتا ہے‘‘۔پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے کا آغاز چھبیس مارچ کو برج ٹاؤن میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے کرے گی۔ اگلے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز تیس مارچ یکم اور دو اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

Exit mobile version