انڈیگو جہاز کے اغوا کا اعلان،اصل کہانی کیا ہے؟

سرینگر// سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرمنگل کو اسوقت عجیب صورتحال پیدا ہوئی کہ جب پنجاب سے سرینگر کیلئے سفر کرنے والے ایک مسافر نے جہاز کی لیڈنگ کے دوران اونچی آواز میں جہاز کے اغوا ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مسافروں سے اپنے بیلٹ نہ کھولنے کیلئے کہا۔جہاز نے بہ حفاظت لینڈ کیا تاہم مذکورہ مسافر ،جنکی شناخت لکھوندر کمار کے بطور ہوئی ہے،کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جونہی انڈیگو کے ایک جہاز نے سرینگر ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے کا اعلان کیا ایک مسافر نے اپنی نشست سے کچھ اوپر اٹھ کر بلند آواز میں کہا کہ جہاز ہائی جیک ہوا ہے لہٰذا مسافر اپنے سیٹ بیلٹ نہ کھولیں۔معلوم ہوا ہے کہ انکے اس ”اعلان“ نے جہاز میں بیٹھے مسافروں کے ساتھ ساتھ عملہ کو بھی سکتے میں ڈالدیاتاہم مذکورہ مسافر کے فقط اعلان تک محدود رہنے اور کوئی جارحانہ حرکت نہ کرنے کی وجہ سے جہاز نے اپنے وقت پر بہ حفاظت لینڈنگ کی۔

ایک مسافر نے اپنی نشست سے کچھ اوپر اٹھ کر بلند آواز میں کہا کہ جہاز ہائی جیک ہوا ہے لہٰذا مسافر اپنے سیٹ بیلٹ نہ کھولیں۔

جہاز کے عملہ نے تاہم فوری طور اس واقعہ کے بارے میں ہوائی اڈے کے حکام کو مطلع کیا جنہوں نے لکھوندر کے جہاز سے باہر آتے ہی انہیں پولس کے حوالے کردیا اور انہیں پوچھ تاچھ کیلئے ہوائی اڈے کے قریبی ہمہامہ پولس تھانہ منتقل کیا گیا جہاں انسے پوچھ تاچھ ہورہی ہے۔

پولس میں ذرائع نے کہا کہ ظاہری طور ایسا لگتا ہے کہ لکھوندر ،جو اپنے دوستوں کے ساتھ امرناتھ یاترا کیلئے کشمیر آرہے تھے،مذاق کر رہے تھے تاہم انکا یہ مذاق اس قدر اچانک اور غیر متوقع تھا کہ جہاز کے دیگر مسافر اور عملے کے افراد کچھ دیر کیلئے خوفزدہ ہوگئے۔پنجاب کے رہنے والے ان مسافر نے پولس کو بتایا ہے کہ وہ اور انکے ساتھی جموں کشمیر کی صورتحال پر بات کررہے تھے اور اسی دوران کسی نے کہا کہ اگر یہ جہاز ابھی اغوا ہوجائے تو کیا ہوگا؟چناچہ اس سے لکھوندر کو مذاق کرنے کی سوجھی اور انہوں نے غیر متوقع طور اونچی آواز میں جہاز کے اغوا ہونے کی بات کی جو سنجیدگی سے لی گئی یہاں تک کہ انہیں حراست میں لیا گیا۔پولس کا کہنا ہے کہ یہ مذاق کا ہی ایک معاملہ لگتا ہے تاہم سرینگر کا ہوائی اڈہ چونکہ سکیورٹی کے اعتبار سے انتہائی حساس ہے لہٰذا اس مذاق کو سطحی طور نہیں لیا جاسکتا تھااسلئے مذکورہ شخص سے پوچھ تاچھ جاری ہے تاہم انکے خلاف تاحال کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔سرینگر کے ہوائی اڈے پر پیش آمدہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

Exit mobile version