آسیہ اندرابی این آئی اے ہیڈکوارٹر دلی منتقل

سرینگر// نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے خواتین تنظیم دخترانِ ملت کی مہینوں سے نظربند صدر سیدہ آسیہ اندرابی کو اپنی دو ساتھیوں سمیت چُپ چاپ دلی منتقل کیا ہے جہاں اُنسے پہلے سے درج ایک معاملے میں تفتیش کی جائے گی۔ پولس ذرائع کے حوالے سے خبر ہے کہ این آئی اے کے افسروں نے سیدہ اندرابی،تنظیم کی جنرل سکریٹری ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کو سرینگر سنٹرل جیل سے ہوائی اڈے لیجاکر وہاں سے دلی منتقل کردیا ہے۔

دخترانِ ملت کی صدر کے رشتہ داروں کو پتہ چلا ہے کہ تینوں خواتین کو صبح پانچ بجے چُپ چاپ سخت سکیورٹی میں ہوائی اڈے پہنچایا گیا جہاں سے انہیں دلی روانہ کردیا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ دختران ملت کی صدر اور انکی ساتھیوں کو پٹیالہ ہاوس کورٹ میں پیش کرکے پہلے سے درج ایک معاملے میں انکی تحویل طلب کی جائے گی تاکہ انسے تفتیش کی جاسکے۔کئی عارضوں میں مبتلاسیدہ آسیہ اندرابی کو طویل نظربندی سے رہائی ملنے کے کچھ ہی وقت بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ابھی سرینگر سنٹرل جیل میں نظربند تھیں۔انکے خاوند عاشق حسین فکتو عرف ڈاکٹر قاسم اڈھائی دہائی سے نظربند ہیں اور وہ ابھی ادھمپور کی جیل میں رکھے گئے ہیں۔

دریں اثنا ذرائع نے سیدہ آسیہ اندرابی کے رشتہ داروں کے حوالے سے بتایا کہ این آئی اے یا کسی اور ایجنسی کی جانب سے انہیں سیدہ اندرابی کی دلی منتقلی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی بلکہ انہیں اچانک ہی اس بارے میں پتہ چلا ہے اور وہ کئی خدشات کا شکار ہیں۔ ان ذرائع کے مطابق دخترانِ ملت کی صدر کے رشتہ داروں کو پتہ چلا ہے کہ تینوں خواتین کو صبح پانچ بجے چُپ چاپ سخت سکیورٹی میں ہوائی اڈے پہنچایا گیا جہاں سے انہیں دلی روانہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دخترانِ ملت فقط خواتین کی تنظیم ہے اور سیدہ آسیہ اندرابی کو خواتین کق قرانی تعلیم دینے اور انکی دینی تربیت کرنے کیلئے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور وہ ساتھ ہی مزاحمتی قیادت کے صفِ اول میں شمار ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئیں

آسیہ اندرابی کے قتل کی سازش کی جارہی ہے:دخترانِ ملت

 

Exit mobile version