سرینگر// اب جبکہ بی جے پی کی جانب سے حمایت واپس لئے جانے کے نتیجے میں محبوبہ مفتی کی حکومت گر مفتی اور انکے ساتھیوں کو بے کار کرچکی ہے،انہوں نے فرصت کا وقت گذارنے کیلئے الگ الگ طریقے اپنا لئے ہیں۔محبوبہ مفتی نے گپکار روڑ پر واقع اپنے سرکاری بنگلے کے اندر گویا خود کو قید کرلیا ہے جبکہ انکے خاص الخاص اور گئی سرکار کے ترجمان رہے نعیم اختر یوگا کرکے وقت گذار رہے ہیں۔محبوبہ مفتی کے وزیر رہے دیگر پی ڈی پی لیڈران یا تو پہاڑوں پر جاکر سکون تلاش کر رہے ہیں یا پھر چیونگم چبا چبا کر اپنا درد مٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
نعیم اختر اپنی صبحیں یوگا کرنے میں اور شامیں رائل سپرنگ گالف کورس جاکر چہل قدمی کرنے میں گذارتے ہیں۔
اِکنومک ٹائمز کے نامہ نگار حکیم عرفان رشید نے پی ڈی پی کے کچھ سابق وزراءکی ،حکومت جانے کے بعد کی،مصروفیات جاننے کیلئے انسے رابطہ کرکے کچھ دلچسپ باتیں سامنے لائی ہیں۔واضح رہے کہ بی جے پی نے گذشتہ ہفتے محبوبہ مفتی کی سرکار سے اچانک اور غیر متوقع موقعہ پر حمایت واپس لیکر گویا اس پر بجلی گرادی ہے۔محبوبہ مفتی اور انکے وزراءمعمول کی ہی طرح تب اپنے دفاتر میں کام کر رہے تھے کہ جب انہیں بھاجپا کی جانب سے بے اختیار کردئے جانے کا مژدہ سنایا گیا۔حکیم عرفان رشید کو معلوم پڑا ہے کہ محبوبہ مفتی نے گویا خود کو اپنے سرکاری بنگلے میں قید کرلیا ہے جہاں سے وہ ،مستعفی ہونے کے بعد سے،شاذ ہی باہر آئی ہیں۔حالانکہ انہوں نے ابھی تک پارٹی لیڈروں کے ساتھ باضابطہ میٹنگ بھی نہیں بلائی ہے تاہم انکے کچھ ساتھی انہیں دیکھنے کیلئے انکے بنگلے پر آتے ہیں۔
گئی سرکار میں محکمہ خزانہ کے وزیر رہے الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وہ اپنی علیل والدہ کی تیمارداری میں لگے ہوئے ہیں ۔حالانکہ مستقبل میں مین اسٹریم کی سیاست کی بننے والی کسی بھی تصویر کے حوالے سے الطاف بخاری کو لیکر کئی افواہیں گشت میں ہیں تاہم انکا کہنا ہے کہ وہ سیاسی منظر نامہ پر ہونے والی کسی بھی سرگرمی سے ”بے خبر “ہیںاور فقط ایک اچھے بیٹے کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے علیل ماں کے ساتھ مصروف ہیں۔
محبوبہ مفتی نے گویا خود کو اپنے سرکاری بنگلے میں قید کرلیا ہے جہاں سے وہ ،مستعفی ہونے کے بعد سے،شاذ ہی باہر آئی ہیں۔
پی ڈی پی کے ایک اور سابق وزیر نے کہا ہے کہ وہ چیونگم چبا چبا کر اپنا دردوغم مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ تعمیرات کے سابق وزیر،محبوبہ مفتی کے خاص الخاص اور مخلوط سرکار کے ترجمان رہے نعیم اختر اپنی صبحیں یوگا کرنے میں اور شامیں رائل سپرنگ گالف کورس جاکر چہل قدمی کرنے میں گذارتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ ”سکیورٹی وجوہات کیلئے“وہ ہر جگہ نہیں جاسکتے ہیں لہٰذا وہ چنندہ شادیوں میں جاتے ہیں۔
پانپور کے ممبر اسمبلی اور سابق جونیئر وزیر ظہور میر کے مطابق انہوں نے شوال کے کئی روزے رکھے ہیں اور انہیں لگتا ہے ”ہم(پی ڈی پی ) واپس (حکومت)میں آئیں گے“۔رپورٹ کے مطابق عمران انصاری سمیت کئی سابق وزراءدلی کے پُراسرار دورے پر گئے ہوئے ہیں۔سابق وزیر اشرف میر نے کہا ہے کہ حکومت گرنے کے بعد وہ اپنے بال بچوں کے سمیت پہاڑوں کی جانب نکلے ہوئے تھے۔(بشکریہ اکونومک ٹائمز)