سرینگر// جموں کشمیر میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور حال ہی نائب وزیر اعلیٰ بنائے گئے کویندر گپتا نے کہا ہے کہ پارٹی اگلے انتخابات میں جموں کشمیر میں اپنا وزیراعلیٰ بنانے کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔کرناٹک میں پارٹی کی جیت کو لیکر خوشی میں جھومتے ہوئے گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی موجودہ یُگ کے وہ اوتار ہیں کہ جنہیں سبھی اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی ہرا نہیں سکتی ہیں۔اس دوران انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے پاکستان کو بات چیت کی کوئی پیشکش نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ابھی مذاکرات کا وقت ہی آیا ہے۔
”اگلی بار جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہوگا، ہم اسی حکمت عملی کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں“۔
کرناٹک میں بی جے پی کی جیت کو لیکر جشن منانے کیلئے جموں کے پارٹی دفتر پر جمع کارکنوں اور پھر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کویندر گپتا نے کہا”مجھے لگتا ہے کہ یہ 2019 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہے۔سبھی اپوزیشن جماعتیں یکجا ہوکر بھی مودی جی کو ہرا نہیں سکتی ہیں“۔انہوں نے مودی کو موجودہ دور کا ”اوتار“قرار دیتے ہوئے کہا” میں تو بار بار یہی کہتا ہوں کہ گیتا میں لکھا ہے کہ جب جب دھرتی (زمین) پر پاپ (گناہ) بڑھتا ہے تو اوتار جنم لیتا ہے ، وہ اوتار نریندر مودی جی کے روپ میں ہمارے بیچ آچکا ہے“۔ کویندر گپتا نے کہا ”جو یہ کہتے ہیںکہ مودی جی کی شہرت کم ہورہی ہے، یہ(کرناٹک میں پارٹی کی جیت) اُن کے چہرے پر کرار تمانچہ ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں بھی اگلے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا ”اگلی بار جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہوگا، ہم اسی حکمت عملی کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں“۔واضح رہے کہ بی جے پی ابھی پہلی بار محبوبہ مفتی کی پی ڈی پی کے اشتراک سے پہلی بار مسلم اکثریت والی ریاست جموں کشمیر میں اقتدار میں ہے۔گذشتہ انتخابات میں پارٹی نے پہلی بار جموں میں بھاری منڈیٹ حاصل کیا تھا تاہم وادی¿ کشمیر میں اسکے لئے ایک بھی نشست حاصل کرنا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔
پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کویندر گپتا نے کہا کہ پاکستان سے بات چیت کا وقت ابھی نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے پاکستان کو بات چیت کی پیشکش نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا’ ’پاکستان کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے لیکن پیشکش وہاں سے ہونی چاہیے“۔ انہوں نے کہا ”بات چیت کے لئے پاکستان ہاتھ بڑھائے گا، ہم نے دوستی کے بڑے ہاتھ بڑھائے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ابھی بات چیت کا وقت نہیں آیا ہے“۔