سرینگر// لال نگر چھانہ پورہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں لکڑی اور بسترہ کی درجن بھر دکانیں تباہ ہوگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ آگ منگل کی رات 12بجے کے قریب لگی تھی اور کچھ تاخیر سے اگرچہ آگ بجھانے والا عملہ یہاں پہنچ گیا تھا تاہم تب تک بڑی تباہی رونما ہوچکی تھی۔
ذرائع کے مطابق آگ بجھانے والے عمل کو رات ایک بجے کے قریب لال نگر چھانہ پورہ کے قریب بر لب سڑک واقع ایک مختصر بازار میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ان ذرائع کے مطابق جس جگہ پر یہ واردات پیش آئی ہے وہاں بہت زیادہ بستی نہیں ہے اور نہ ہی درجن بھر سے زیادہ دکانیں ہیں ۔ان ذرائع کے مطابق یہی وجہ ہے کہ آگ لگنے کی خبر پھیلنے میں تاخیر ہوئی اور نقصان بڑھ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب تک آگ بجھانے والا عملہ اور آس پڑوس کے لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے تب تک آگ بھیانک صورت اختیار کرگئی تھی اور اس سے دس بارہ دکانوں پر مشتمل ایک پورا بازار جل کر راکھ ہوچکا تھا۔حالانکہ بعض لوگوں نے آگ بجھانے والے عملہ پر غفلت شعاری کا الزام لگایا ہے تاہم محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ انہیں جونہی خبر ہوئی متعلقہ عملہ کو روانہ کیا گیا جس نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔
جائے واردات کا دورہ کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ آگ کی نظر ہونے والی دکانیں لکڑی اور اس سے بننے والا سامان اور بسترہ بیچتی رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آگ جلد ہی پھیل چکی ہے۔چونکہ بائی پاس پُل کے قریب واقعہ ان دکانوں کے آس پڑوس کوئی بستی نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ آگ لگنے کی خبر پھیلنے میں دیر ہوئی ہے۔تباہ حال دکانوں کے سامنے موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ واردات میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔