حزب کمانڈر عامر خان کی زوجہ کا پاکستان میں انتقال

عامر خان کی فائل فوٹو

سرینگر// حزب المجاہدین کے نامور کمانڈر عامر خان عرف سیف اللہ خالد کی شریکِ حیات کا پاکستان میں انتقال ہوگیا ہے۔ جنوبی کشمیر میں سوگوار خاندان کے ذرائع سے تفصیلات کو پتہ چلا ہے کہ محترمہ کا کل رات نو بجے کے قریب اسلام آباد کے ایک اسپتال میں انتقال ہوا اور انہیں اسکے چند ہی گھنٹوں کے بعد وہیں پر دفن کردیا گیا ہے جبکہ انکے آبائی گاوں لیور میں غائبانہ نمازِ جنازہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

محترمہ فاطہ بیگم چند ہی ماہ قبل اپنے شوہر کی ملاقات کیلئے پاکستان گئی ہوئی تھیں جہاں سر میں تکلیف ظاہر ہونے پر انکے سر میں ٹیومر پایا گیا جسے حال ہی ایک حساس جراحی کے دوران نکالا گیا تھا۔

غلام نبی خان عرف عامر عرف سیف اللہ خالد کا تعلق جنوبی کشمیر میں لیور نامی گاوں سے ہے تاہم وہ قریب دو دہائیوں سے پاکستان میں مقیم ہیں اور ابھی حزب المجاہدین کے نائب امیر ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اُنکی شریکِ حیات محترمہ فاطہ بیگم چند ہی ماہ قبل اپنے شوہر کی ملاقات کیلئے پاکستان گئی ہوئی تھیں جہاں سر میں تکلیف ظاہر ہونے پر انکے سر میں ٹیومر پایا گیا جسے حال ہی ایک حساس جراحی کے دوران نکالا گیا تھا۔اُنکی جراحی کامیاب قرار دی گئی تھی اور،ذرائع کے مطابق،وہ روبہ صحت ہونے لگی تھیں تاہم کل رات اُنکی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ انتقال کر گئیں۔

اپنے گاوں میں سبھی شناساوں کے درمیان فاطہ آپا کے نام سے پکاری جانے والی محترمہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ انتہائی ملنسار اور نیک سیرت ہونے کے ساتھ ساتھ بڑی سادہ لوح خاتون تھیں۔7بچوں کی اماں فاطہ آپا کی عمر سٹھ سال کے آس پاس بتائی جاتی ہے ۔ اُنکے سب سے بڑے بیٹے کو کئی سال قبل فوج نے گولی مار کر جاں بحق کردیا تھا جبکہ انکے دوسرے بیٹے کی ایک حادثے میں موت واقعہ ہوگئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان واقعات کو لیکر شوہر کی غیر موجودگی میں وہ بڑی مایوس رہتی تھیں تاہم اب جبکہ قریب دو دہائیوں بعد اُنکا ملن ممکن ہوہی گیا تھا موت نے اُنہیں بہت زیادہ فرصت نہ دی اور چند ہی دنوں تک شوہر کی رفاقت میں رہنے کے بعد وہ دیارِ غیر میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں۔

Exit mobile version