پولس تھانہ میں پُراسرار دھماکہ،نظربندجاں بحق

سرینگر// جنوبی کشمیر کے ترال قصبہ کے پولس تھانہ میں ہوئے ایک پُراسرار بم دھماکے میں یہاں نظربند حزب المجاہدین کے ایک مقامی جنگجو کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ ایک پولس اہلکار کو چوٹیں آئی ہیں جنکا اسپتال میں علاج کرایا جارہا ہے۔پولس کا دعویٰ ہے کہ جاں بحق ہونے والے جنگجو نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی کہ اسی دوران کسی نے تھانے پر گرنیڈ پھینکا جسکے پھٹ جانے سے مذخورہ جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ترال کے پولس تھانہ میں ایک دھماکہ ہوا اور پتہ چلا کہ یہاں نظربند مشتاق احمد چوپان نامی جنگجو کی موت واقع ہوگئی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ ساڑھے بارہ بجے کے قریب ترال کے پولس تھانہ میں ایک دھماکہ ہوا اور پتہ چلا کہ یہاں نظربند مشتاق احمد چوپان نامی جنگجو کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ معراج الدین نامی پولس اہلکار کو چوٹیں آئی ہیں۔چوپان کو چند ماہ قبل سوپور پولس نے گرفتار کیا تھا جسکے بعد انہیں اپنے آبائی علاقے میں منتقل کیا گیا تھا۔

پولس نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے”آج 12:30 حزب المجاہدین کے جنگجو مشتاق احمد چوپان نے،جو پولس تھانہ ترال کی حراست میں تھا،زنانہ برقعہ پہن کر فرار ہونے کی کوشش کی۔جونہی وہ گیٹ کے قریب پہنچا باہر سے کسی نے،منصوبہ کے مطابق تاکہ پولس کی توجہ بٹ جائے اور وہ(جنگجو)آرام سے فرار ہوسکے،گرنیڈ پھینکا۔گرنیڈ تھانے کے اندر اس(جنگجو)کے قریب پھٹ گیا جسکے نتیجے میں اسکی موت واقع ہوئی اور معراج الدین نامی ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا“۔

Exit mobile version