جموں// جموں کشمیر کے سرمائی دارالخلافہ جموں کے سنجونی علاقہ میں واقعہ ایک فوجی کیمپ پر جنگجووں کے ایک فدائین دستے نے حملہ کیا ہے اور یہاں گھمسان کی لڑائی جاری ہے جس میں ابھی تک ایک حوالدار اور انکی بیٹی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
جموں-سرینگر-پٹھانکوٹ شاہراہ پر واقعہ فوج کا یہ بہت بڑا کیمپ ہے اور یہاں جوانوں اور افسروں کے خاندان بھی مقیم ہیں جبکہ کیمپ کے چہار سو گھنسی بستی ہے۔جموں کشمیر پولس کے انسپکٹر جنرل (جموں) ایس ڈی سنگھ نے بتایا کہ صبح پانچ بجے کے قریب کیمپ کی حفاظت پر مامور ایک سنتری نے مشکوک حرکت دیکھی تھی اور پھر ان پر گولی چلی جسکا جواب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایک حوالدار اور انکی بیٹی زخمی ہوگئی ہیں جبکہ حملہ آور ایک فیملی کوارٹر میں گھس گئے ہیں جہاں انہیں گھیر لیا گیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے تاہم کہا کہ حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں حتمی طور کچھ نہیں بتایا جا سکتا ہے۔