جے کے بنک بجبہاڑہ کے منیجر کے خلاف سنگین الزامات

سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے آبائی قصبہ بجبہاڑہ میں لوگوں نے جموں کشمیر بنک کی مقامی شاخ کے منیجر پر گاہکوں کے ساتھ بد تمیزی کی حد تک روکھا برتاو کرنے کا الزام لگاتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس جانب توجہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ مذکورہ منیجر با الخصوص بزرگوں اور پنشروں کے ساتھ بُرا سلوک کرکے انہیں بھکاریوں کی طرح لیتے ہیں۔

”منیجر صاحب بدتمیزی کی حد تک تند مزاج ہیں اور ایسے پیش آتے ہیں کہ جیسے وہ کوئی رئیس اور باقی سبھی بھکاری ہوں“۔

علاقہ کے ایک وفد نے بتایا کہ جموں کشمیر بنک شاخ زرپارہ بجبہاڑہ کے منیجر کا برتاو اس حد تک روکھا ہے کہ یہاں کام سے آنے والے گاہک یوں محسوس کرتے ہیں کہ جیسے وہ بھکاری ہوں اور ہاتھ پھیلانے کیلئے آئے ہوں۔ شکایت کنندگان کا کہنا تھا ”منیجر صاحب بدتمیزی کی حد تک تند مزاج ہیں اور ایسے پیش آتے ہیں کہ جیسے وہ کوئی رئیس اور باقی سبھی بھکاری ہوں“۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ مذکورہ منیجر یوں تو سبھی کے ساتھ غیر دوستانہ انداز میں پیش آتے ہیں تاہم انکے یہاں سے پنشن حاصل کرنے والے بزرگوں،بیواوں اور دیگراں کے ساتھ انکا رویہ اور بھی زیادہ ہتک آمیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو اس جانب توجہ کرتے ہوئے یا تو بنک کے ملازمین کو اپنا رویہ سدھارنے کیلئے کہنا چاہیئے یا پھر یہاں کے منیجر کو تبدیل کیا جانا چاہیئے۔

واضح رہے کہ جموں کشمیر بنک کے ملازمین کے خلاف روکھے رویہ کی شکایات عام ہیں۔ گذشتہ ماہ وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ سے ایک وفد نے آکر یہاں کی پریس کالونی میں بنک کی کھاگ شاخ کے منیجر پر شدید الزامات لگاتے ہوئے انکے خلاف زبردست احتجاج کیا تھا۔

 

یہ بھی پڑھئیں

جے کے بنک جی ایس ٹی لینے کا مجاز

Exit mobile version