تازہ گولہ باری میں کیپٹن سمیت چار فوجی ہلاک

جموں// لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پونچھ اور راجوری سیکٹر میں پاک فوج کی بھاری گولہ باری میں اتوار کو ایک کیپٹن سمیت فوج کے چار جوان ہلاک ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ اس ہلاکت خیز گولہ بھاری کا بھرپور جواب دیا گیا ہے تاہم پاکستانی علاقہ میں ہونے والے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے راجوری کی بھمبر گلی میں اتوار کو اچانک ہی بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے تین جوان موقعہ پر ہی ہلاک اور ایک کیپٹن سمیت دیگر کئی زخمی ہوگئے۔زخمی کیپٹن نے بعدازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کی افواج کے بیچ حالیہ دنوں میں کئی بار شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس میں پہلے ہی ڈیڑھ درجن کے قریب فوجی اور عام شہری مارے جاچکے ہیں۔

Exit mobile version