سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ انہیں بھاجپا کے ساتھ اتحاد کے اپنے متوفی والد مفتی سعید کے فیصلے پر فخر ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ماتحت مختلف محکموں کے مطالبات زر پر بحث کے دوران کہی اور دعویٰ کیا ہے کہ وقت نے پی ڈی پی کے بھاجپا کے ساتھ اتحاد کرنے کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر خطہ میں ابھی جو رواداری کا ماحول ہے وہ اسی اتحاد کی دین ہے۔ انہوں نے کہا”اپوزیشن کے ایک ممبر نے آج کہا کہ جب امرناتھ یاتریوں پر حملہ ہوا جموں میں کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے کا ہمارا فیصلہ صحیح تھا۔مجھے فخر ہے اس فیصلے پر جو میرے والد نے جموں کشمیر کے لوگوں کیلئے لیا“۔ واضح رہے کہ بی جے پی کی ریاست پر ”میلی نظر“رکھنے اور اسے ”دور رکھے جانے کی ضرورت “کے تحت ووٹ لینے کے بعد محبوبہ مفتی کے والد مفتی سعید نے بعدازاں ”ریاستی لوگوں کی بہتری کیلئے“بی جے پی کے ساتھ ہی اتحاد کرکے حکومت بنائی تھی جسکی قیادت انکے فوت ہونے کے بعد محبوبہ مفتی نے سنبھالی ہے۔