کپوارہ// شمالی کشمیر کے کپوارہ کرناہ شاہراہ پر گذشتہ روز ایک بھاری برفانی تودے کی زد میں آکر نابود ہوچکی سومو گاڑی کے سواروں میں سے ایک شخص کو بارہ گھنٹوں کے بعد معجزاتی طور زندہ برآمد کیا گیا ہے۔سادھنا ٹاپ پر خونی نالہ کے قریب گذشتہ روز ایک سومو گاڑی برفانی تودے کے تلے دب گئی تھی اور اس میں سوار سات افراد غائب بتائے جارہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاری امدادی کارروائیوں کے دوران رات تین بجے رضاکاروں کو اسوقت خوش گوار حیرت ہوئی کہ جب انہوں نے منوں برف کے نیچے زندگی کا نشان پایا۔معلوم ہوا ہے کہ غلام نبی بٹ ولد علی محمد ساکن کلمونہ تارتپورہ بے حس و حرکت تاہم زندہ تھے اور انہیں فوری طور اسپتال روانہ کیا گیا ہے جہاں انکا علاج ہو رہا ہے۔بٹ کے برف تلے دفن ہونے کے یہ بارہ گھنٹے بعد تھا کہ جب انہیں زندہ برآمد کیا گیا۔اس سے قبل ایک دس سالہ بچے کو بھی برف کے ایک بھاری تودے کے نیچے سے زندہ بر آمدکیا گیا تھا تاہم یہ کامیابی حادثہ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی ملی تھی۔حادثے میں مارے جانے والے ابھی تک تین افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
اسی بارے میں