سرینگر//سوپور میں گذشتہ رات مارے گئے ایک نوجوان، عارف احمد صوفی، کو پارٹی کا” سرگرم رکن“بتاتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر ست شرما،جنرل سکریٹری(آرگنائزیشن)اشوک کول،انچارج کشمیر امورات ڈاکٹر نریندرا سنگھ اور پارٹی کے کشمیر یونٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں صوفی کے قتل کو بہیمانہ بتاتے ہوئے اس پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کارکن کی ہلاکت انتہائی دردناک اور افسوسناک ہے۔
”سوپور میں ہمارے کارکن کے بہیمانہ قتل کا سنکر بڑا دکھ پہنچا ہے،انکے خاندان کے ساتھ گہری تعزیت۔دہشت گردوں کو جان لینا چاہیئے کہ وہ وادی کے نوجوانوں کو اپنے لئے بہتر مستقبل کا انتخاب کرنے سے نہیں روک سکتے ہیں“۔
عارف احمد صوفی ساکنہ یونسو ہندوارہ کو گذشتہ رات نامعلوم افراد نے سوپور میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔پولس نے اس واقعہ کیلئے جنگجوو¿ں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے تاہم ابھی تک کسی بھی جنگجو تنظیم نے اسکی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔بھاجپا نے تاہم مہلوک کو اپناتے ہوئے کہا ہے”سوپور میں ہمارے کارکن کے بہیمانہ قتل کا سنکر بڑا دکھ پہنچا ہے،انکے خاندان کے ساتھ گہری تعزیت۔دہشت گردوں کو جان لینا چاہیئے کہ وہ وادی کے نوجوانوں کو اپنے لئے بہتر مستقبل کا انتخاب کرنے سے نہیں روک سکتے ہیں“۔پارٹی نے یہ بھی کہا ہے”انسانوں کو کسی بھی شکل میں مار دینا بزدلی ہے اور انسانیت کے خلاف ہے“۔.یاد رہے کہ اس سے قبل چند ماہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں نا معلوم بندوق برداروں نے بی جے پی کے ایک سرگرم رکن کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
اس دوران مذکورہ نوجوان کو انکے آبائی علاقہ میں اسلام آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعروں کی گونج میں دفن کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق صوفی کے جلوسِ جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی جو آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے مذکورہ کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے تھے۔