جموں// سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) جموں اے وی چوہان کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ انہیں سب ضلع اسپتال بھدرواہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسٹر چوہان دو روزہ دورے پر ضلع ڈوڈہ کے قصبہ بھدرواہ آئے ہوئے تھے جہاں گذشتہ رات انہیں دل کا دورہ پڑا۔ انہوں نے بتایا ”آئی جی سی آر پی ایف اپنی فیملی کے ساتھ بھدرواہ آئے ہوئے تھے اور وہاں بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت چلنے والے ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ انہیں گذشتہ رات قریب گیارہ بجے سینے میں شدید درد کی شکایت کے بعد سب ضلع اسپتال بھدرواہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دل کے دورے کی تصدیق کی“۔
بلاک میڈیکل افسر بھدرواہ یودویر سنگھ کا کہنا ہے کہ سب ضلع اسپتال میں مسٹر چوہان کا علاج اسپتال کے ایک آن ڈیوٹی ماہر فزیشن اور فوج کے ایک ڈاکٹر نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر چوہان کو مزید علاج ومعالجہ کے لئے ائرلفٹ کرکے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے۔