جموں//جموں کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے سنیماٹوگرافر اکلوتے بھائی مفتی تصدق کو اپنی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور انہیں جمعرات کو حلف دلائے جانے کا امکان ہے۔محبوبہ مفتی اسکے ساتھ ہی سابق وزیر جاوید مصطفیٰ میر کو بھی کابینہ میں لے سکتی ہیں جبکہ کئی قلدان ادھر ادھر کئے جارہے ہیں۔
اپنے والد اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی سعید کی حیات تک بالی ووڈ میں سنیماٹوگرافر کا کام کرتے رہے مفتی تصدق حسین نے چند ماہ قبل پی ڈی پی کی رکنیت لی تھی جسکے بعد انہیں اپنی بہن محبوبہ مفتی کے دفتر میں ایک شکایتی سیل کا کوارڈینیٹر بنایا گیا۔پی ڈی پی نے تصدق کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں پارلیمانی نشست پر کھڑا کرنے کا پروگرام بنایا تھا تاہم سرینگر-بڈگام نشست کیلئے لوگوں کے بائیکاٹ سے مایوس ہوکر پارٹی نے انتخابات کو منسوخ کروا دیاتھا۔تصدق کو تاہم گذشتہ ہفتے قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا اور یوں انکے لئے کابینہ میں شامل ہونے کا راستہ صاف ہوگیا تھاجسکے بعد انہوں نے شکایتی سیل کی سربراہی سے استعفیٰ دیدیا۔مفتی تصدق کیلئے جگہ بنانے کی غرض سے وزیر مملکت اور محبوبہ مفتی کے قریبی رشتہ دار فاروق اندرابی نے حال ہی میں استعفیٰ دیدیا ہے۔
پی ڈی پی نے تصدق کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں پارلیمانی نشست پر کھڑا کرنے کا پروگرام بنایا تھا تاہم سرینگر-بڈگام نشست کیلئے لوگوں کے بائیکاٹ سے مایوس ہوکر پارٹی نے انتخابات کو منسوخ کروا دیاتھا۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی تصدق حسین کے علاوہ کابینہ میں خالی پی ڈی پی کی ایک اور نشست پُر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کےلئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے چاڈورہ جاوید مصطفےٰ میر کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔جاوید مصطفےٰ میر سال2015میں وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی کابینہ میں وزیر مال کی حیثیت سے شامل رہ چکے ہیں، تاہم محبوبہ مفتی نے انہیں اپنے ساتھ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ان ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں28دسمبر جمعرات کو
جموں کے راج بھون میں ایک مختصر تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں ریاست کے گورنر این این ووہرا مفتی تصدق اور جاوید میر کو وزراءکی حیثیت سے عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔یہ تقریب صبح11بجے منعقد ہوگی اور اس میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت کئی کابینہ
وزراءکی شرکت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مفتی تصدق حسین کو ممکنہ طور پر سیاحت کا وزیر بنایا جارہا ہے ، تاہم جاوید مصطفےٰ میر کے بارے میں فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہیں کس محکمے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کئی اہم محکمے اپنے پاس رکھے ہیں جن میں سیاحت، داخلہ، جی اے ڈی، تواضع، اسٹیٹس، شہری ہوابازی اور محکمہ اطلاعات قابل ذکر ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مفتی تصدق اور جاوید مصطفےٰ میرکو وزراتی کونسل میں شامل کرنے اور مستعفی ہوئے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی کے محکمہ جات کو تقسیم کرنے کےلئے بعض پی ڈی پی وزراءکے قلمدانوں میں پھیر بدل کا بھی امکان ہے۔تاہم یہ تبدیلیاں صرف پی ڈی پی وزراءتک ہی محدود ہونگی اور بھاجپا وزراءکے قلمدانوں میں کئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ دو نئے وزراءکی شمولیت سے ریاستی وزارتی کونسل میں پی ڈی پی کا کوٹا مکمل ہوجائے گا ۔جمعرات کی حلف برادری کے بعد پی ڈی پی کے پاس14اور بی جے پی کے پاس11وزراءہونگے۔واضح رہے کہ ریاستی آئین کے مطابق ریاست میں زیادہ سے زیادہ25وزراءہوسکتے ہیں۔