ریاسی میں المناک سڑک حادثہ،10مسافر لقمہ اجل

فائل فوٹو

ریاسی// جموں صوبہ کے ریاسی ضلع میںبد ھ کو پیش آمدہ ایک المناک سڑک حادثے میں کم از کم دس افراد مارے گئے ہیں جبکہ دیگر کئی زخمی ہیں۔یہ حادثہ ایک مسافر بردار ٹیمپو کے گہری کھائی میں گر جانے سے ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق صبح بج سویرے بڈن سے مہور کی طرف سفرکررہا ایک ٹیمپو ٹریولرزیر نمبرJK02AG/0730چیچی نالہ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوا اور سڑک کے کنارے سے لڑھک کر قریب200فٹ گہری کھائی میں جا گرا ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس ، فورسز اور بچاﺅ رضاکاروں کے دستے جائے واردات پر پہنچ گئے ۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ بچاﺅ اہلکار دشوار گزر راستوں سے گزرتے ہوئے گاڑی کے ملبے تک پہنچے تو وہاں خون میں لت پت لاشوں کے علاوہ متعدد مسافر شدید زخمی حالت میں تھے جو مدد کےلئے پکار رہے تھے ۔ حادثے کا شکار ہونے والے ٹیمپو میں سوار7مسافروں کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔ زخمیوں کو فوری طورسب ڈسٹرکٹ اسپتال مہور منتقل کیا گیا جس دوران مزید دو مسافرزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔ ایک مسافر نالے میں پانی کے تیز بہاﺅ کے ساتھ بہہ گیا جس کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس طرح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد10تک پہنچ گئی جن میں دو کمسن بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ بچاﺅ اہلکار دشوار گزر راستوں سے گزرتے ہوئے گاڑی کے ملبے تک پہنچے تو وہاں خون میں لت پت لاشوں کے علاوہ متعدد مسافر شدید زخمی حالت میں تھے جو مدد کےلئے پکار رہے تھے ۔ حادثے کا شکار ہونے والے ٹیمپو میں سوار7مسافروں کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں26سالہ جاوید احمد ولد عبدالرشید ساکن جمسلان مہور، 35سالہ وزیرہ بیگم زوجہ محمد شریف جمسلان ،22سالہ چرن سنگھ ولد فقیر چند ساکن بڈن، 20سالہ لیاقت علی ولد عبدالحمید ساکن بڈن، 19سالہ محمد اشرف ولد عبدالرشید بڈن، 14سالہ محمد آصف ولد علی محمد جمسلان مہور، جماعت علی ولد منظور احمد جمسلان مہوراور5سالہ مبشر احمد ولد بہادر دین ساکن سلدھر شامل ہیں۔حادثے میں مزید6مسافر زخمی ہوئے جن میں سے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں کچھ ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

ایک سینئر پولس افسر کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں16افراد سوار تھے۔قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد جب مرنے والوں کی لاشیں ان کے آبائی دیہات بڈن اور جمسلان پہنچائی گئیں تو وہاںکہرام مچ گیا۔اس موقعے پر وہاں چیخ و پکار ، آہوں اور سسکیوں کے رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے،مردوزن زاروقطار رورہے تھے اور ان علاقوں میں ہر طرف ماتم کا ماحول چھا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کےلئے چھان بین جاری ہے۔

Exit mobile version