خدا را ہماری مخبری نہ کرو،جلوسِ جنازہ سے جنگجووں کی اپیل

کولگام// جنوبی کشمیر کے کولگام میں گزشتہ روز جاں بحق ہوئے جنگجووں کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ہے اور جنازہ گاہ کیلئے جگہ کم پڑنے اور سوگواروں کے دیر تک آتے رہنے کی وجہ سے دونوں جنگجووں کی نمازِ جنازہ کئی کئی بار پڑھی گئی۔اس دوران ایک جلوسِ جنازہ میں جاں بحق جنگجووں کے مسلح ساتھی نمودار ہوئے اور اُنہوں نے ہوا میں فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو سلامی دی۔یہاں سے چلے جانے سے قبل اُنہوں نے لوگوں سے اُنکی حمایت کرتے رہنے اور مخبری نہ کرنے کی اپیل کی۔

نوجوانوں نے مسلح افراد کے ہاتھوں پر بوسے دئے اور اُنکے حق میں جذباتی ہوکر زبردست نعرہ بازی کی تاہم اُنہوں نے یہاں سے نامعلوم سمت کی طرف نکلنے سے قبل لوگوں سے حمایت طلب کی اور اُنسے مخبری کرنے سے باز رہنے کی اپیل کی۔

کولگام کے گوپال پورہ علاقہ میں فوج اور دیگر سرکاری فورسز نے دورانِ شب حزب المجاہدین کے عاقب احمد اتیو ولد عبدالحمید ساکن گوپالپورہ اور سہیل احمد راتھر ولد محمد عارف ساکن تانترے پورہ یاری پورہ کو مار گرایا تھا۔دونوں کی لاشیں صبح نو بجے کے قریب اُنکے آبائی علاقوں میں پہنچیں تو یہاں کہرام مچ گیا۔دونوں ہی علاقوں میں پہلے سے ہی ہزاروں سوگوار جمع تھے اور جونہی جنگجووں کی لاشیں بر آمد ہوئیں مجمعے جذباتی ہوکر اسلام ، آزادی،پاکستان اور جنگجووں“کے حق میں نعرہ بازی کرنے لگے۔

یہ بھی پڑھیئے کولگام کے بعد کنلون میں جھڑپ،3جنگجو1 شہری از جان

چناچہ لوگوں کی بہتات کی وجہ سے جنازہ گاہ میں جگہ کم پڑ گئی اور ہر بار نمازِ جنازہ پڑھے جانے کے بعد مزید لوگ آتے گئے جنہوں نے جنازہ میں شرکت کئے بغیر تدفین نہیں ہونے دی اور یوں پے در پے7بار عاقب حمید ایتو کی نماز ِجنازہ پڑھی گئی جس میں ہر بار ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔

سہیل احمدکے یہاں بھی اسی طرح کے مناظر دیکھنے میں آئے جہاں ایک کے بعد ایک کئی مرتبہ نمازِ جنازہ پڑھی گئی۔سُہیل کی نمازِ جنازہ کے دوران منظر تب اور بھی جذباتی ہوگیا کہ جب اُنکے چار مسلح ساتھی اچانک نمودار ہوئے اور اُنہوں نے ہوا میں گولی چلا کر اپنے ساتھی کو سلامی دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح جنگجووں کو دیکھنے کیلئے لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے ۔ان ذرائع کے مطابق نوجوانوں نے مسلح افراد کے ہاتھوں پر بوسے دئے اور اُنکے حق میں جذباتی ہوکر زبردست نعرہ بازی کی تاہم اُنہوں نے یہاں سے نامعلوم سمت کی طرف نکلنے سے قبل لوگوں سے حمایت طلب کی اور اُنسے مخبری کرنے سے باز رہنے کی اپیل کی۔

Exit mobile version