شوپیاں میں فوجی پارٹی پر حملہ،افسر سمیت دو فوجی اہلکار ہلاک

شوپیان// جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں جنگجووں نے فوج پر گھات لگاکر حملہ کرکے ایک افسر سمیت دو فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ حملہ آور کوئی نقصان اُٹھائے بغیر فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔ حزب المجاہدین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے اور آئیندہ بھی اس طرح کے حملے جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔

جنگجووں کا حملہ اس حد تک اچانک اور زور دار تھا کہ فوج کو سنبھلنے کا موق ہی نہیں ملا اور ابتدائی حملے میں ہی ایک افسر سمیت تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق یہ حملہ اُسوقت ہوا ہے کہ جب فوج شوپیان کے زیپورہ تری بُگ میں جمعرات کی رات ساڑھے تین بجے جنگجووں کی تلاش میں علاقے کا گشت کر رہی تھی تاہم جنگجووں نے پہلے سے گھات لگایا ہوا تھا۔ان ذرائع کے مطابق ایک میوہ باغ میں گھات لگائے بیٹھے جنگجووں کا حملہ اس حد تک اچانک اور زور دار تھا کہ فوج کو سنبھلنے کا موق ہی نہیں ملا اور ابتدائی حملے میں ہی ایک افسر سمیت تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی فوجی اہلکاروں کوہیلی کاپٹر کے ذرئعہ سری نگرکی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں میجر کملیش پانڈے اور فوجی اہلکار تنزین چیولٹین زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہو گئے۔

فوج نے بتایا ہے کہ اگرچہ جنگجووں کی تلاش کیلئے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میں لیا گیا تھا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس دوران حزب المجاہدین کے ایک ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پانچ فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ تنظیم کی جانب سے آئیندہ بھی اس طرح کے حملے جاری رکھے جائیں گے۔

Exit mobile version