ابودوجانہ کو مارنے والی فورسز کو فاروق عبداللہ کی مبارکباد

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ فاروق عبداللہ نے لشکر ِ طیبہ کے معروف کمانڈر ابو دوجانہ کو مار گرانے کیلئے سرکاری فورسز کو مبارکباد دی ہے اور اس طرح کے”اچھے کام“کے جاری رہنے کی اُمید ظاہر کی ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ وہ اس کام کیلئے سرکاری فورسز کو مبارکباد دیتے ہیں۔

”مجھے اُمید ہے کہ سکیورٹی فورسز اس طرح کا اچھا کام جاری رکھیں گے تاکہ وادی میں امن و سکون قائم ہوجائے“۔

فاروق عبداللہ نے ،جنہیں پارلیمانی انتخابات کے دوران اپنے کچھ بیانات کیلئے نئی دلی کے ذرائع ابلاغ نے علیٰحدگی پسندوں کا حامی کہنا شروع کیا تھا،ابودوجانہ کے مارے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ”مجھے اُمید ہے کہ سکیورٹی فورسز اس طرح کا اچھا کام جاری رکھیں گے تاکہ وادی میں امن و سکون قائم ہوجائے“۔

وادی کیلئے لشکرِ طیبہ کے چیف ابو دوجانہ کو گزشتہ روز سرکاری فورسز نے پلوامہ ضلع کے ہکڈی پورہ گاوں میں ایک مختصر معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق کردیا تھا۔ابودوجانہ کے مارے جانے کی خبر پھیلتے ہی وادی بھر میں بے چینی پھیلی،کئی جگہوں پر ماتمی ہڑتال ہوئی اور احتجاجی مظاہرے ہوئے جنکے دوران کم از کم ایک شہری کی موت ہوئی ہے اور دیگر درجنوں زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ صورتحال کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کیلئے سرکار نے انٹرنیٹ سہولیات بند کردی تھیں جو آج سہ پہر سرینگر میں بحال کردی گئی ہیں جبکہ جنوبی کشمیر میں ابھی بھی یہ سروس متاثر بتائی جارہی ہے۔

Exit mobile version