سرینگر// قیموہ کولگام میں لوگوں کی مزاحمت کے بعد سرکاری فورسز کو محاصرہ ختم کرنا پڑا ہے جبکہ یہاں موجود تین مسلح جنگجو فرار ہونے میں ،ممکنہ طور،کامیاب ہوگئے ہیں۔قیموہ کے ٹھوکر پورہ کا بعد دوپہر فوج اور دیگر سرکاری فورسز نے یہ اطلاع ملنے پر محاصرہ کر لیا تھا کہ یہاں کم از کم تین جنگجو موجود ہیں۔
افراتفری کے اسی عالم میں علاقے میں موجود جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے کا محاصرہ ہوتے دیکھ کر ہزاروں لوگ جمع ہوکر احتجاجی مظاہرے کرنے لگے اور اس دوران اُنہوں نے سرکاری فورسز پر سنگ برسا کر اُنکا راستہ روکا۔ معلوم ہوا ہے کہ سرکاری فورسز نے اشک آور گیس چھوڑنے کے علاوہ ہوائی فائرنگ کی اور پیلٹ گن چلائی تاہم لوگوں نے احتجاج جاری رکھا یہاں تک کہ خود سرکاری فورسز کو ہی پسپا ہونا پڑا۔مختلف خبررساں اداروں نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ افراتفری کے اسی عالم میں علاقے میں موجود جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
جنوبی کشمیر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ یہاں اس سے قبل بھی کئی بار عوام احتجاج کے سامنے بے بس ہوکر سرکاری فورسز کو پسپا ہونا پڑا ہے اور اس دوران کئی بار جنگجو یاتو محاصرے میں آتے آتے بچ گئے ہیں یا پھر محاصرے میں آنے کے بعد بھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔