رام بن// امرناتھ یاتریوں کی ایک اور بس کو حادثہ پیش آنے سے اس میں سوا کم از کم 16یاتری ہلاک اور دیگر 30 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔
پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ یاتریوں سے بھری بس اچانک ہی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر رام بن ضلع میں سڑک سے لڑھک کر سینکڑوں فُٹ نیچے گر کر تباہ ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 16 یاتری ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دیگر 30 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ بچاو کارروائیاں جاری بتائی جارہی ہیں اور کئی شدید زخمیوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اُنہیں جموں منتقل کیا جارہا ہے۔ بعض زخمیوں کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ابھی چند ہی روز قبل جنوبی کشمیر میں بٹنگو کے مقام پر امرناتھ یاتریوں کی ایک بس کے ایک پُراسرار حملے کا شکار ہوکر اس میں سات یاتری ہلاک اور اس سے دوگنی تعداد میں زخمی ہوگئے تھے جن میں سے آج ہی ایک اور زخمی خاتون نے اسپتال میں دم توڑ دیا ہے۔