سیاحوں کو ڈرا کر ہزاروں کشمیریوں کو بے کار کیا گیا:جماعت

سرینگر//جماعتِ اسلامی نے نئی دلی پر کشمیریوں کو اقتصادی بدحالی کا شکار کرنے کے لئے سازشیں رچانے کا الزام لگایا ہے۔پارٹی کا الزام ہے کہ ایک طرف ٹیلی ویژن چینل غلط پروپیگنڈہ کرکے سیاحوں کو کشمیر آنے سے روک رہے ہیں اور دوسری جانب فوج نے میوہ باغات کو تباہ کرنے کی ایک مہم شروع کردی ہے۔

پارٹی ترجمان زاہد علی ایڈوکیٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں الزام لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر میں فوج نے میوہ باغات میں گھس کر درختوں سے میوہ گرانے کا سلسلہ شروع کیا ہے جو کہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ فوجی اہلکار کسانوں کو روزی روٹی سے محروم کر رہے ہیں۔ بیان میں درج ہے”بھارتی فوجی اہلکاروں نے ظلم و ستم کے حدود پار کرتے ہوئے مہری پورہ اسلام آباد میں موجود چند میوہ باغات کے درختان کو ڈنڈوں سے ان پر موجود سیب گراکر ان کے مالکان کو روزی روٹی سے محروم کردیا۔ دراصل یہ غیر انسانی حرکت بھارتی حکومت کی اُس پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے جس کے تحت کشمیر کے عوام کو اقتصادی بدحالی سے دوچار کرنا ہے“۔

” ایک طرف بھارتی ٹی وی چینلوں پر غلط اور مذموم پروپگنڈے کے ذریعے یہاں آنے کی خواہش مند سیاحوں کو خوفزدہ کرکے یہاں کی سیاحتی انڈسٹری سے وابستہ ہزاروں لوگوں کو بے کار کردیا ہے اور دوسری طرف اب لوگوں کی جائیداد اور میوہ باغات کو جان بوجھ کر تباہ و برباد کرنے کا مذموم سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے“

ٹیلی ویژن چینلوں پر کشمیر کی غلط تصویر پیش کرکے سیاحوں کو خوفزدہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زاہد علی ایڈوکیٹ نے کہا ہے” ایک طرف بھارتی ٹی وی چینلوں پر غلط اور مذموم پروپگنڈے کے ذریعے یہاں آنے کی خواہش مند سیاحوں کو خوفزدہ کرکے یہاں کی سیاحتی انڈسٹری سے وابستہ ہزاروں لوگوں کو بے کار کردیا ہے اور دوسری طرف اب لوگوں کی جائیداد اور میوہ باغات کو جان بوجھ کر تباہ و برباد کرنے کا مذموم سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے“۔اُنہوں نے مزید کہا ہے” مہری پورہ میں بلاکسی جواز کے وہاں موجود سڑکوں پر پہرہ دینے والے فوجیوں نے ان میوہ باغات کو نقصان پہنچایا اور اس طرح ان غریب کسانوں کی ساری اُمیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اس طرح کے واقعات پہلے بھی سامنے آئی ہیں لیکن کافی احتجاج کے بعد بھی اقوام ِعالم نے ان انسانیت سوز واقعات کا کوئی نوٹس نہ لے کر ظالموں کی پشت پناہی کے الزامات کو سچا ثابت کردیا۔ اب دنیا کے مظلوم اور بے کس عوام کو ان نام نہاد عالمی اداروں پر اعتماد ہی ختم ہوگیا ہے اور ان کے ظالمانہ اقدامات کی توثیق کا ایک ذریعہ بن گئے ہیں“۔

جماعت اسلامی نے‘ میوہ باغات کو فوجی اہلکاروں کی طرف سے پہنچائے گئے نقصانات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ”دُنیا کے انصاف پسند عوام “سے ان انسانیت سوز کارروائیوں کے خلاف مو¿ثر آواز بلند کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ کشمیری عوام سے” ان وحشیانہ کارروائیوں “کو رکوانے کی خاطر ایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے ”ضروری اقدامات“کرنے کیئے کہا گیا ہے۔

Exit mobile version