جمعتہ الوداع کو یومِ قُدس،مزاحمتی قائدین کی احتجاجی مظاہروں کی کال

سرینگر// جموں کشمیر میں علیٰحدگی پسندوں کی مشترکہ قیادت نے اب کی بار بھی ماہ رمضان کی آخری جمعہ کو ”یومِ قُدس“کے بطور منانے کا اعلان کیا ہے۔علیٰحدگی پسند قیادت نے اس روز کشمیر کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور امام باڑوں میں قبلہ اول ، بیت المقدس کی بازیابی کے حق میں دعائیں کرنے اور اور فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم اور کشمیری عوام کے تئیں” بھارت کی جارحانہ پالیسیوں“ کیخلاف صدائے احتجاج بلندکرنے کی کال دی ہے۔

مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین میں بڑی حد تک مماثلت ہے اور مسئلہ فلسطین جہاں پورے مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے خطرات کا باعث بنا ہوا ہے وہیں مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے اور دونوں خطوں کے عوام کو جارح قوتوں کے مظالم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کل یہاں سے جاری کردہ ایک بیان میں ان قائدین نے کہا کہ فلسطینی عوام جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حق کے حصول کیلئے برسر جدوجہد ہےں وہیں کشمیری عوام بھی تحریک حق خودارادیت میں گزشتہ سات دہائیوں سے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے ان دونوں سلگتے مسائل کے حل کے تئیں عالمی برادری کی بے حسی کو حد درجہ افوسناک قرار دیا۔علیٰحدگی پسند قائدین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین میں بڑی حد تک مماثلت ہے اور مسئلہ فلسطین جہاں پورے مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے خطرات کا باعث بنا ہوا ہے وہیں مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے اور دونوں خطوں کے عوام کو جارح قوتوں کے مظالم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔روزانہ انسانی خون بہہ رہا ہے حقوق انسانی کی پامالیاں عروج پر ہےں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دیگر عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دونوں انسانی مسئلوں کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ کشمیر میں اب برسوں سے علیحدگی پسندوں کی کال پر جمعتہ الوداع کو یوم قدس کے بطور منائے جانے اور اس دن فلسطینیوں کے لئے احتجاجی مظاہرے کرنے کی روایت ہے۔ذرائع کے مطابق ممکن ہے کہ اب کے جمعتہ الوداع کے موقعہ پر سرکاری انتظامیہ سرینگر کے بعض علاقوں میں پابندیاں عائد کرے اور یہ بھی ممکن ہے کہ شہر کی مرکزی جامع مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت بھی نہ دی جائے جیسا کہ احتجاجی مظاہروں کے خدشہ کے پیشِ نظر سرکاری انتظامیہ کی جانب سے اکثرو بیشتر کیا جاتا ہے۔

Exit mobile version