شالیمار باغ کا نزدیکی بازار آگ کی واردات میں تباہ

سرینگر// سرینگر کے مشہور شالیمار باغ کے متصل ایک بازار میں بھیانک آگ لگنے سے کم از کم ڈیڑھ درجن دکانیں راکھ کا ڈھیر ہوگئی ہیں۔اس حادثے میں تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور آگ بجھانے والے عملہ کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ڈل جھیل کے کنارے واقعہ مغل باغ(شالیمار باغ)کے قریب ایک مختصر بازار تھا جہاں کشمیری دستکاریوں،تحفے تحائف،ڈرائی فروٹ،کھانے پینے کی اشیاءبیچنے والوں کے علاوہ کئی چھوٹے ہوٹل بھی قائم تھے۔

ذرائع کے مطابق اس بازار میں گئی شب کو اچانک بھیانک آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے 15دکانیں خاکستر ہوگئیں اور اُن میں موجود لاکھوںر وپیہ مالیت کا سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ذرائع کے مطابق جونہی آگ نمودار ہوئی اس دوران آس پاس رہائش پذیر لوگ گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کو اطلاع دی جنہوں نے فوری طور کئی گاڑیوں کو بھیج کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔معلوم ہوا ہے کہ نماز فجر کے بعد ہی آگ پر قابو پایا گیا۔ ان ذرائع نے مزید بتایاکہ آگ کی اس واردات کے دوران 15دکانوں میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کا سامان تباہ و برباد ہو گیا ۔

محکمہ فائر سروس کے ایک افسر نے بتایا کہ انہوں نے بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے تاہم تقریباََ پورا بازار تباہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے اور اس حوالے سے پولس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ یہاں کے کئی دکانداروں نے انکی دکانوں کو جان بوجھ کر آگ لگادئے جانے کا شک ظاہر کیا ہے اور پولس سے اس زاوئے سے معاملے کو دیکھ لئے جانے کے لئے کہا گیا ہے۔

Exit mobile version