اب کے انٹرنیٹ کو بند نہیں بلکہ ناکارہ بنادیا گیا

سرینگر// گناپورہ شوپیاں میں ایک طالب علم کے سرکاری فورسز کے ہاتھوں قتل کے بعد پھیلی کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے سرکاری انتظامیہ نے انٹرنیٹ کی سہولت پھر سے بند کردی ہے۔ اب کے تاہم ٹوجی انٹرنیٹ چالو رکھا گیا ہے، شائد اسلئے کہ ایسے میں لوگ پوری طرح سے انٹرنیٹ استعمال بھی نہ کرنے پائیں اور سرکار پر انٹرنیٹ پر پابندی لگانے کے لئے تنقید بھی نا ہو۔

شوپیاں کے گناوپورہ میں فورسز نے عادل فاروق نامی ایک نوجوان طالبِ علم کو گولی مار کر لقمہ اجل بنادیا ہے جسکے خلاف وادی بھر میں کشیدگی کی تازہ لہر چل پڑی ہے یہاں تک کہ مزاحمتی قائدین نے جمعہ کے لئے ہڑتال کی کال دی ہے۔ سرکار نے حالانکہ اب کے ابھی تک کہیں کرفیو وغیرہ تو نافذ نہیں کیا ہے تاہم انٹرنیٹ کو تقریباََ ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ چناچہ بدھ کے روز سبھی مواصلاتی کمپنیوں نے تھری جی اور فور جی خدمات بند کردیں اگرچہ ٹو جی کی سروس کچھوے کی چال چل رہی ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ ایام میں کئی بار انٹرنیٹ کو کئی کئی دن کے لئے بند کردیا گیا ہے جسکی وجہ سے ریاستی سرکار کو مقامی طور ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ابھی چند روز قبل ہی قریب ہفتے بھر کی پابندی کے بعد انٹرنیٹ کی سہولیات بحال کردی گئی تھیں۔

کشمیری نوجوان سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں کا استعمال کرتے ہوئے بھارت مخالف جذبات کا اظہار کرنے لگے ہیں اور سرکاری انتظامیہ اسی ڈر سے بار بار یہ سہولت بند کرتی آرہی ہے۔

اندازہ ہے کہ مزید تنقید سے بچنے کے لئے سرکاری انتظامیہ نے اب کے انٹرنیٹ کو مکمل طور بند کرنے کی بجائے اسکی رفتار کو نا قابلِ استعمال حد تک کم دیا ہے تاکہ اس پر انٹرنیٹ کو بند کرنے کا الزام نے آئے اور اسے تنقید کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔ لوگ تاہم زبردست ناراض ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ویسے ہی تھری جی اور فور جی کی رفتار بھی معیاری نہیں ہے اسلئے ٹوجی کا چالو رہنا یا نہ رہنا ایک جیسا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر بار بار پابندی لگائے جانے سے انہیں شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ پورا سماج دن بدن انٹرنیٹ کا محتاج بنتا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ کشمیری نوجوان سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں کا استعمال کرتے ہوئے بھارت مخالف جذبات کا اظہار کرنے لگے ہیں اور سرکاری انتظامیہ اسی ڈر سے بار بار یہ سہولت بند کرتی آرہی ہے۔

Exit mobile version