سرینگر میں دھماکہ،تین پولس اہلکاروں سمیت چار زخمی

سرینگر//سرینگر کے صفاکدل علاقہ میں سہ پہر کے قریب مقامی پولس تھانہ کو نشانہ بناتے ہوئے نا معلوم افراد نے بم دھماکہ کر کے تین پولس والوں کے سمیت چار افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نا معلوم شخص نے پولس تھانہ صفاکدل کی جانب ایک گرنیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ ان ذرائع کے مطابق دھماکے سے پولس اہلکار سمیر احمد اور ایک عام شہری محمد عارف زخمی ہوگئے ہیں اور اُنہیں علاج کے لئے نزدیکی صدر اسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں اُنکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

سرینگر کے ایس ایس پی امتیاز پرے نے بتایا کہ یہ دھماکہ سہ پہر چار بجے کو یوں ہوا کہ ایک نا معلوم شخص نے تھانے کی جانب گرنیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور اس سے تین پولس اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگءے۔ انہوں نے کہا کہ تین زخمیوں کو مرہم پٹی کے فوری بعد اسپتال سے رخصت کیا گیا ہے جبکہ ایک ایس پی او کی ٹانگ میں کچھ زیادہ ہی چوٹ ہے اور انکا علاج جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرہ میں اس حملے کے حوالے سے اہم سُراغ پایا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے علاقے میں خوف و حراس پھیل گیا اور لوگ دکانیں چھوڑ کر بھاگتے دیکھے گئے۔سرینگر میں بڑے دنوں کے بعد جنگجووں نے کوئی کارروائی کی ہے۔

Exit mobile version