پارلیمنٹ میں نہ سہی تصدق کو سکریٹریٹ میں جگہ مل گئی

سرینگر//

وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے بھائی مفتی تصدق حسین کے لئے اپنے سیکریٹریٹ میں جگہ نکالتے ہوئے اُنہیں ”وزیرِ اعلیٰ شکایتی سیل“کاسربراہ بنادیا ہے۔مفتی تصدق کا یہ عہدہ تاہم اعزازی ہوگا اور وہ اسکے لئے کوئی ”تنخواہ نہیں پائیں گے“۔حکومت کے محکمہ انتظامِ عامہ کی جانب سے کل باضابطہ جاری ہوئے ایک حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ”بہتر اور جواب دہ انتظامیہ کو یقینی بنانے کی جانب ایک قدم کے طور سرکار نے مفتی تصدق حسین کی وزیرِ ا علیٰ شکایتی سیل میں کواڈنیٹر کی حیثیت سے تقرری عمل میں لائی ہے“۔حکمنامے میں کہا گیا کہ مفتی تصدق شکایتی سیل کی سربراہی کے ساتھ ساتھ سیل میں رجسٹر شدہ شکایتوں کا ازالہ کرنے کے عمل پر بھی نگاہ رکھیں گے۔

مفتی تصدق حسین سابق وزیرِ اعلیٰ مفتی سعید کے اکلوتے بیٹے ہیں اور وہ بالی وُڈ میں سنیماٹوگرافر کا کام کرتے رہے ہیں جبکہ اُنکے والد کی حیات میں انہوں نے سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی تھی۔مفتی سعید کے انتقال کر جانے کے بعد تصدق حسین بہن محبوبہ کے شانہ بشانہ دکھائی دینے لگے اور چند ماہ قبل با ضابطہ پی ڈی پی میں شامل ہونے کے بعد پارٹی نے اُنہیں اسلام آباد کی لوک سبھا نشست کے ضمنی انتخاب میں منڈیٹ دیا تھا تاہم خرابی حالات اور لوگوں کے ووٹ دہی سے دور رہنے کے امکان کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے غیر معینہ وقت کے لئے اس انتخاب کو منسوخ کردیا۔

مفتی تصدق حسین کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ماحولیات میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے پی ڈی پی میں شمولیت کے وقت بھی اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اس حوالے سے کام کرنا چاہتے ہیں۔ دلچسپ ہے کہ تصدق حسین کل ہی ماحولیات میں دلچسپی رکھنے کے داعی ایک گروپ کو لیکر کل ہی گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوئے تھے۔

Exit mobile version