ہندوستان ہی امن قائم کراسکتا ہے: گیلانی

سرینگر//
جموں کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اس بیان ، کہ مسئلہ کشمیر کو بس وزیر اعظم مودی ہی حل کر سکتے ہیں،کے اگلے دن آج بزرگ علیٰحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ ہندوستان چاہے تو بر صغیر میں امن قائم کرنے میں بڑا کردار نبھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کی صورتحال ہر گذرتے دن کے ساتھ خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ سید گیلانی نے جنوبی کشمیر میں ہوئے ایک جنگجوئیانہ حملے میں تین عام شہریوں کے مارے جانے کو غمناک قرار دیا البتہ انہوں نے اسکے لئے ”بھارتی حکام کی ضد“کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

آج یہاں سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام دہائیوں سے جنگ جیسی صورتحال سے دوچار ہیں اور حکام کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے خون خرابا جاری ہے۔سید گیلانی نے مزید کہا ہے کہ ریاست کی صورتحال ہر گذرتے دن کے ساتھ اور زیادہ خراب ہوتی جارہی ہے جبکہ مرکزی سرکار فوجی طاقت پر تکیہ کئے ہوئے ہیں اور جذبات و صداوں کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔نوجوانوں کے تشدد کے راستے پر جانے کو ”جواز“فراہم کرتے ہوئے سید گیلانی نے کہا ہے”ہمارے جوان غلامی اور بربریت کا خاتمہ کرنے کے لئے ہتھیار اٹھارہے ہیں“۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ (علیٰحدگی پسندوں کی)سیاسی سرگرمیوں پر نہ ختم ہونے والی بندشوںاور انکی مسلسل نظربندی کی وجہ سے ریاست میں سیاسی غیر یقینیت کا ماحول پھیل رہا ہے جبکہ نوجوان بد دل ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ جیلوں اور پولس تھانوں میں نظربندوں کی حالت خوفناک ہے اور انہیں تیسرے درجے کے تشدد سے گذارا جارہا ہے۔جموں کشمیر پولس کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا ہے کہ یہ مقامی فورس خود کو شاہ سے زیادہ وفادار ثابت کرنے اور اپنی متعلقیت بنائے رکھنے کے لئے لوگوں پر زبردست ظلم کرتا آرہا ہے۔مرکزی سرکار پر غیر حقیقت پسندانہ وطیرہ اپنائے رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے بزرگ لیڈر نے کہا ہے کہ مسلسل ہورہا خون خرابا اور روز لاشوں کا اٹھایا جانا انتہائی دردناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر عوام امن چاہتے ہیں لیکن انکے حقوق کو دبایا جا رہا ہے اور امن کے راستے میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ ہندوستان چاہے تو بر صغیر میں امن قائم کرنے میں بڑا کردار نبھا سکتا ہے لیکن (مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے)جرات مندانہ اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز کہا تھا کہ چونکہ وزیر اعظم مودی کو ”پوری قوم کا منڈیٹ“حاصل ہے لہٰذا وہی ایک ہیں کہ جو مسئلہ کشمیر پر پیشرفت کرنے کی جرات کر سکتے ہیں۔سید گیلانی نے محبوبہ مفتی کے اس بیان پر براہ راست کوئی رد عمل ظاہر کرنے سے احتیاط کی ہے۔

Exit mobile version