کالا کوٹ// حکومتِ جموں کشمیر میں بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے آج کہا کہ حکومت ریاست کے دیہی علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کر کے جدید سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت اور مرکزی حکومت کی جانب سے مالی مدد کے نتیجے میں حکومت ترقی اور خوشحالی کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں خوشحالی کا دور شرو ع ہوچکا ہے جس کے نتائج زمینی سطح پر دکھائی دے دیتے ہیں ۔
راجوری ضلع کے سگوٹ کالا کوٹ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیرموصوف نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے دیہی علاقوں کو فراموش کیا تھا تاہم موجودہ سرکار ریاست کے ہر ایک علاقے کی اقتصادی ترقی کی جانب توجہ مرکوز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہےں۔کوہلی نے کہا کہ حکومت ریاست بھر میں پینے کے پانی ، سڑک رابطوں ، تعلیم ، بجلی ، طبی خدمات اور ٹرانسپورٹ سہولیات میں بہتری لانے کی عہد بند ہے۔حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سرکار نے موجودہ ڈھانچے کی بہتری کے لئے ٹھوس منصوبہ ترتیب دیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطالبات کے ردِّعمل میں وزیر نے پی ایم جی ایس وائی اور تعمیراتِ عامہ محکموں کو کالا کوٹ میں سڑکوں کی تعمیر مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوںنے مرکزی سرکار کی سکیموں کے فوائد عام لوگوں تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے لئے بھی کہا۔
عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ سڑک رابطے کسی بھی سماج کی خوشحالی میں بنیادی رول ادا کرتے ہیں لہٰذا حکومت اس شعبے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کنڈی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے کا بھی یقین دلایا۔