ملک میں آگے بھی مودی سرکار ہی چلنے والی ہے:محبوبہ مفتی

لیہ// جموں کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں اگلی سرکار بھی وزیر اعظم مودی کی ہی قیادت میں بننے والی ہے۔انہوں نے لداخ کو ایک خوبصورت خطہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوبصورت اور مہمان نواز لوگوں کا مسکن بتاتے ہوئے وزیر اعظم مودی سے چھٹی لیکر کچھ دن یہاں گذارنے کی دعوت دی۔محبوبہ مفتی نے یہ باتیں آج لیہ میں کشک بکولہ کی صد سالہ سالگرہ تقریبات کی اختتامی تقریب پر وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں انکو مخاطب کرتے ہوئے بتائیں۔انہوں نے کہا’ ’مودی جی آپ دیکھ رہے ہیں، لداخ کا یہ خطہ بہت خوبصورت ہے،یہاں بڑی تعداد میں سیاح فقط اسلئے نہیں آتے ہیں کہ یہ خطہ خوبصورت ہے بلکہ وہ اس لئے آتے ہیں کیونکہ یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں“۔لداخیوں کو پر امن اور مہمان نواز بتاتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہاں ایک بار آنے والا کوئی بھی سیاح بار بار یہاں آنا چاہتا ہے۔وزیر اعظم مودی کو کام چھوڑ کر کچھ دن یہاں سیاحت کی غرض سے آنے کی دعوت دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا’ ’آپ آرام کرتے نہیں، چھٹی نہیں لیتے لہٰذا میں آپ سے گذارش کرتی ہوں کہ اگر آپ کو کبھی وقت ملے تو دو دن کے لئے یہاں آجائیں،یہاں وقت گذاریں اور پھر دیکھیں، یہ بالکل پرامن جگہ ہے اور یہاں لوگوں کو سکون ملتا ہے۔ کبھی وقت ملے تو ضرور آیئے گا“۔

”مجھے امید ہے کہ یہ سرنگ مودی جی کی سرکار ،جو آگے بھی چلنے والی ہے، میں ہی مکمل ہوجائے گی“

وزیر اعظم مودی نے،جو آج ہی ریاست کے دورے پر پہنچے ہیں،نے خود بھی لداخ اور لداخیوں کی تعریفیں کرتے ہوئے ریاست کے باقی حصوں کے لوگوں کو ان(لداخیوں)کی تقلید کرنے کیلئے کہا۔اس موقعہ پر انہوں نے یہاں 14کلومیٹر زوجیلا ٹنل کے کام کا رسمی آغاذ کرنے کیلئے ایک تختی کی نقاب کشائی کی ۔ سرینگر سے لداخ جانے والے راستے پر بننے جارہی اس ٹنل کے طفیل نہ صرف لداخ میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا خود ریاستی لوگوں کو ایک دوسرے علاقے میں آںے جانے میں آسانی پیدا ہوگی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ فی الوقت لداخ کا وادی¿ کشمیر کے ساتھ محض چھ ماہ کے لئے زمینی رابطہ رہتا ہے جو برفباری کی وجہ سے قریب چھ ماہ تک کٹا رہتا ہے۔

وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹنل کی تعمیر کا کام شروع کرنے کیلئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری ریاست کی ترقی کیلئے ایک بڑا منصوبہ ہے۔انہوں نے اپنے متوفی والد اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی سعید کا ،حسبِ معمول،تذکرہ کرتے ہوئے کہا”مفتی صاحب بار بار ایک بات کہتے تھے، وہ کہتے تھے کہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم کٹے ہوئے ہیں۔ خطہ جموں خطہ کشمیر سے کٹا ہوا ہے اور خطہ لداخ دونوں کشمیر اور جموں خطوں سے کٹا ہوا ہے۔ اس (زوجیلا)ٹنل کے بننے سے ہمارے طالب علموں اور دیگر لوگوں کو ملک کے مختلف حصوں کا سفر کرنے میں آسانی ہوگی“۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس سرنگ کی تعمیر کا کام وزیر اعظم مودی کی سرکار میں ہی مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا ”مجھے امید ہے کہ یہ سرنگ مودی جی کی سرکار ،جو آگے بھی چلنے والی ہے، میں ہی مکمل ہوجائے گی“۔

Exit mobile version