سرینگر//مختلف خدمات کے لئے بھارت بھر میں یکساں ٹیکس کے نفاذ پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لئے دوروزہ ،جی ایس ٹی،کانفرنس کے اختتام پر وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی صدارت میں ماہرین نے کئی تجاویز طے کرلی ہیں جن کے مطابق صحت اور تعلیم کو شعبوں کو ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔یہاں کے ایس کے آئی سی سی میں دو روز تک چلنے والے اجلاس کے آخر پر کل وزیر خزانہ ارون جیٹلی،جو بھارت کے وزیرِ دفاع بھی ہیں،نے کہاکہ جموں کشمیر میں جو لوگ جی ایس ٹی کے قانون کی مخالف کرتے ہیںوہ ناسمجھ ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ قانون نافذ نہ ہونے کی صورت میں صارفین کو پھر دوہرئے ٹیکس نظام سے گزرنا پڑے گا۔اُنہوں نے تاہم کہا کہ ریاست کی اسمبلی کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اس قانون کولاگو کرنے کیلئے اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔
آئندہ میٹنگ3جون کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی جس میں باقی معاملات کو بھی نپٹایا جائے گا
ارون جیٹلی نے کہا کہ2دنوں کے دوران کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم آئندہ میٹنگ3جون کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی جس میں باقی معاملات کو بھی نپٹایا جائے گا۔مرکزی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دو روزہ میٹنگ میں سروس ٹیکس سے متعلق بیشتر معاملات زیرغور آئے جبکہ ان سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو کونسل کو موصول ہوئی تھیں۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ مختلف زُمروں میں سروس ٹیکس پر اتفاق کیا گیاہے تاہم اس وقت کچھ چیزیں ،جو ٹیکس سے مستثنیٰ ہےں، فی الحال ایسے ہی چھوڑ دی گئی ہیں۔ان میں صحت اور تعلیم بھی شامل ہے اور یوں ان چیزوں پر سروس ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔
اس وقت کچھ چیزیں ،جو ٹیکس سے مستثنیٰ ہےں، فی الحال ایسے ہی چھوڑ دی گئی ہیں۔ان میں صحت اور تعلیم بھی شامل ہے
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ دیگر 4زمروں میں5فیصد اور12فیصد کے علاوہ18اور28فیصد کے ٹیکس پر بھی اتفاق ہواہے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کو5فیصد ٹیکس زُمرے میں رکھا گیا ہے۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ50لاکھ سے کم آمدنی والے ریستورانوں میں بھی5فیصد سروس ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ایک ہزار روپے سے کم قیمت والے ہوٹل کمروں کو سروس ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے جبکہ ایک ہزار سے2500روپے تک کے کمروں میں12فیصداور2500سے5ہزار روپے کمروں کے کرایہ پر18اور اس سے زیادہ قیمت والے کمروں کے کرایہ پر28 فی صد کا سروس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ تفریحی ٹیکس کو سروس ٹیکس میں مدغم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جی ایس ٹی کونسل کی15ویں دور کی میٹنگ3جون کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی جس کے دوران باقی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔