نئی دہلی//
دہلی کے تغلق آباد علاقے میں ایک کنٹینر ڈپو سے آج گیس رِساوسے آنکھوں میں جلن کی شکایت کے بعد کم از کم 300سے زیادہ طلباءاسپتال میں داخل کرائے گئے جن میں سے بیشتر کو علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی۔
پولیس اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کنٹینر ڈپو کے نزدیک واقع ایک اسکول انتظامیہ نے صبح سات بجکر 35منٹ پر فون کرکے گیس رِساوکی اطلاع دی۔ دہلی پولیس کے حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تقریبا 310 طلباءکو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔دہلی حکومت نے گیس رِساو کی مجسٹریٹی تفتیش کرانے کی ہدایت دی ہے اور پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔
مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی راجدھانی کے تمام سرکاری اسپتالوں کو متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرانے کی ہدایت دی۔انہوں نے واقعہ سے نپٹنے کے لئے ایمس کے پانچ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی ہے ۔ مسٹر نڈا نے ٹویٹ کیا کہ میں بچوں اور ان کے اہل خانہ کے لئے دعا کرتا ہوں ۔دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا بچوں کی عیادت کے لئے اسپتال پہنچے ۔مسٹر سسودیا نے ٹویٹ کر کے کہا کہ بیشتر بچوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے اور کچھ کو نگرانی میں رکھا گیا ہے اور ایمس کے ڈاکٹروں کی ٹیم گیس رِساو کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے ۔