پونچھ اور راجوری سیکٹر میں ہندوپاک فوج کا ٹکراو

ہندوپاک کے بیچ کی حد بندی لکیر

جموں// لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کے پونچھ اور راجوری سیکٹر میں ہند پاک افواج کے مابین شدید گولی باری کے تازہ واقعات سے خوف و ہراس کا ماحول ہے اور اس بارے میں دونوں ملکوں نے حسب سابقہ ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہند پاک افواج کے مابین سرحدی گولہ باری کا تازہ سلسلہ پونچھ میںجاری ہے جہاں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایسے چار واقعات پیش آئے ہیں ۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرکی صبح 9بجکر30منٹ پرپاکستانی فوج نے بغیر کسی اشتعال کے پونچھ کے دِگوار سیکٹرمیںفوج کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی جس سے وقت گزرنے کے ساتھ شدت اختیار کی۔فوج نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولی باری کا سلسلہ انتہائی شدت کے ساتھ جاری رہا۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ سرحد پار سے گولی باری کے دوران مارٹر شیل داغے گئے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اِس پار کی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم اس سے فوج کو کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان نے کہا ”ہمارے فوجی جوانوں نے فوری جوابی کارروائی عمل میں لائی اور اسی نوعیت کے ہتھیاروں سے فائرنگ کی “۔آخری اطلاع ملنے تک گولی باری کا سلسلہ جاری تھا جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔گولی باری کے دوران زوردار دھماکے سنائی دئے اور سرحدوں کے نزدیک واقع بستیوں کے لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسی علاقے میں ایک دھماکے کے دوران فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ افسر ہلاک ہوگیاتھا۔معلوم ہوا ہے کہ راجوری میں بھی حد متارکہ پر آر پار فوجیوں کے مابین گولی باری ہوئی ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق پیر علی الصبح راجوری کے بالاکوٹ سیکٹر میں سرحد پار سے گولی باری کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے بھی فائرنگ کی۔یہ سلسلہ صبح11بجے تک جاری رہا لیکن یہاں بھی طرفین کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

بھارت نے اس سلسلے میں پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے جبکہ اسلام آباد نے نئی دلی پر اسی طرح کا جوابی الزام عائد کیا ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پونچھ سیکٹر میں کئی بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ادھراس ضمن میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا کہ بھارتی افواج نے بلا اشتعال جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی چوکیوں پر گولہ باری کی۔تاہم اُس پار بھی کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Exit mobile version