سنجے لیلا بھنسالی کی پدماوتی پر حملہ،سیٹ نذرِ آتش

ممبئی//
فلم پدماوتی کے حوالے سے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی مشکلیں کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ریاست مہاراشٹر کے کولہاپور کے مسع پٹھار علاقے میں فلم ’پدماوتی ‘کے سیٹ پر اس بار کچھ نامعلوم افراد نے آگ لگا دی ہے جس میں فلم کا سیٹ جل کر خاک ہوگیا۔خبر ہے کہ یہ حملہ کولہاپور میں لوگوں کے ایک نامعلوم گروپ نے کیا ہے۔حملہ کرنے والوں نے سب سے پہلے سیٹ پر شوٹنگ کے سامان کے ساتھ توڑ پھوڑ کی اور اس کے بعد پٹرول بم پھینک کر سیٹ کو آگ لگا دی۔تاہم اس معاملے میں بھنسالی پروڈکشن نے اب تک کوئی رپورٹ درج نہیں کروائی ہے۔ لیکن کولہاپور پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ جنوری میں جے پور میں بھی ’پدماوتی‘ کے سیٹ پر ’راجپوت کرنی فوج‘ کے لوگوں نے توڑ پھوڑ کی تھی اور فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ ہاتھ پائی بھی کی تھی، جس کے بعد بھنسالی نے جے پور میں فلم کی شوٹنگ منسوخ کر دی تھی۔اس کے بعد ’پدماوتی‘ کی شوٹنگ کے لیے مہاراشٹر کے کولہاپور کے مسع پٹھار علاقے کا انتخاب کیا گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق،منگل کی رات تقریبا دو بجے کچھ لوگ’پدما وتی‘ کے سیٹ پر پہنچے پہلے ان لوگوں نے سیٹ پر موجود شوٹنگ کے سامان کی توڑ پھوڑ کی اور بعد وہاں آگ لگا دی۔ اس ہنگامے کے دوران سیٹ پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی۔مہاراشٹر کے وزیِر ثقافت ونود تاوڑے نے اس حملے پر بیان جاری کیا ہے۔تاوڑے کے مطابق،’سنجے لیلا بھنسالی کی فلمیں تاریخی واقعات پر مبنی ہوتی ہیں، ایسی فلموں کے حوالے سے معاشرے میں لوگوں کی الگ الگ رائے ہوسکتی ہے اس لیے دونوں فریق کو بات چیت کے ذریعے اس تنازعہ کو حل کرناچاہئیے‘۔انکا کہنا تھا کہ ’فلمسازوں کو تاریخی فلمیں بنانے سے پہلے حقائق اور واقعات کی پوری طرح ریسرچ کرنی چاہئیے تاکہ تنازعات کی گنجائش ہی نہ رہے‘۔
راجستھان کے کرنی فوج سمیت کچھ اور تنظیموں کا الزام ہے کہ بھنسالی الاوالدین خلجی کے ساتھ رانی پدمنی کی محبت اور تعلقات پر فلم بنا کر راجپوتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔اس سے پہلے کرنی فوج نے بھنسالی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس فلم کی شوٹنگ جہاں بھی ہوگی اس کی مخالفت کی جائے گی۔اس دھمکی کے بعد بھنسالی اور کرنی فوج کے درمیان کچھ معاہدے کی بھی اطلاع آئی تھی۔

Exit mobile version