کرونا کے ڈر سے دوست نے دوست کو گولی ماردی!

کرونا وائرس نے دنیا میں تباہی تو مچا ہی دی ہے لیکن اس مہلک بیماری کی وجہ سے سماجی تانا بانا بھی بگڑتا جارہا ہے جسکی کئی مثالیں موجود ہیں۔ تازہ واقعہ بھارت کے نوئیڈا میں پیش آیا ہے کہ جہاں ایک شخص نے ایک دوست کو محض اسلئے گولی مار دی کہ اسنے کھانسا تھا۔
ذرائع کے مطابق نوئیڈا کے گاؤں دیان نگر میں رات نو بجے چار افراد لُڈو کھیل رہے تھے کہ جے ویر سنگھ نے اپنے ساتھی پرشانت سنگھ کو کھانسنے پر گولی مار دی اور وہاں سے فرار ہو گیا، جسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’پرشانت سمیت تین لوگ لُڈو کھیل رہے تھے کہ وہاں ویر سنگھ بھی آ گیا اور کھیلتے ہوئے پرشانت کو کھانسی آئی۔ ویر سنگھ کو لگا کہ اس نے جان بوجھ کر کھانسا ہے اور اسے غصہ آگیا کہ شاید وہ اسے کرونا کا شکار کرنا چاہتا ہے۔‘
پولیس کے مطابق ’اس کے بعد دونوں کے دمیان جھگڑا ہو گیا اور ویر سنگھ نے پرشانت سنگھ کو گولی مار دی  اور وہاں سے فرار ہو گیا۔ پولیس اس کو تلاش کر رہی ہے اور اسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘
بھارت میں لاک ڈاؤن مئی کے پہلے ہفتے تک بڑھا دیا گیا ہے، متاثرین کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 414 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
 

Exit mobile version