بھارت میں بعض لوگ مسلسل لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرتے پائے جارہے ہیں۔ایسے ہی کئی لوگوں نے آض نہ صرف پنجاب میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی کی بلکہ انکے روکنے والی پولس پارٹی پر حملہ بھی کردیا جسکے بعد یہ لوگ ایک گردوارہ میں گھس گئے۔
لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے والے پولیس اہلکاروں پر شہریوں کے ایک گروپ نے حملہ کر کے ایک پولیس افسر کا ہاتھ کاٹ دیا ہے، جبکہ دو کو زخمی کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے ضلع پٹیالہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سبزی منڈی کو لاک ڈاؤن کیے جانے کے حوالے طے کیے گئے ضوابط پر عمل درآمد کروا رہے تھے کہ ایک گروہ نے ان پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہرجیت سنگھ کا ہاتھ کاٹ دیا جس کی بعد انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔
پنجاب کے پولیس چیف ڈنکر گپتا نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آوروں نے کار پر جاتے ہوئے سبزی منڈی کی حدود میں کئی ناکوں کو توڑا اور جب پولیس نے ان سے کرفیو پاس مانگا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔
ان کے مطابق اس کے بعد حملہ آور نیہنگ گرودوارہ صاحب میں داخل ہوگئے اور پولیس نے سپیشل پولیس آپریشن فورس کو طلب کر لیا اور انہیں ہتھیار پھینکنے کا کہا۔
’دو گھنٹے کے بعد علاقے کے کچھ بااثر افراد ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے گرودوارے میں گئے اور مذاکرات کے بعد حملہ آوروں نے ہتھیار پھینک دیے۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ’ان کے پاس سے خنجر اور تلواریں برآمد ہوئیں اور اس کے علاوہ گیس سلنڈرز بھی ملے جنہیں وہ دھماکہ خیز مواد کے طور پر استعمال کر سکتے تھے۔ نو حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
انڈین پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 158 ہے اور اس وبا سے اب تک 11افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ انڈیا میں مرنے والوں کی کُل تعداد 273 ہوچکی ہے اور آٹھ ہزار سے زائد مریض ہیں۔