سرینگر// سرکردہ مزاحمتی قائدہ اور خواتین تنظیم دخترانِ ملت کی صدر سیدہ آسیہ اندرابی نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کیلئے سکیورٹی امداد بند کردئے جانے کو شر نما خیر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکہ سے پنڈ چھڑانے کا “سنہری موقعہ” ہاتھ آیا ہے۔ اندرابی نے پاکستانی فوج اور حکومت پر امریکہ سے اتحاد ختم کرنے کیلئے زور دیا ہے۔
آج یہاں سے جاری کردہ ایک بیان میں سیدہ اندرابی نے کہا ہے” یہ پاکستان۔کیلئے ایک سنہری موقع ہے کہ امریکہ خود اس اتحاد سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ ہم عرصہ دراز سے کہہ رہے ہیں کہ امریکی دباو میں پاکستان نے اپنی خود مختاری پر کئی بار سمجھوتہ کیا”۔ دخترانِ ملت کی صدر نے مزید کہا ہے “اب جبکہ امریکہ۔نے اعلان کیا۔ہے کہ وہ پاکستان کی امداد روک رہا ہے تو یہ پاکستان کیلئے اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کا سنہری موقع ہے، ایسے مواقع بار بار نہیں آتے ۔ یہ پاکستان کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہو اور اپنی معیشت کو مضبوط کرے”۔
اگر پاکستانیوں کو یہ زعم ہے کہ اللہ کی مدد کے بجائے وہ امریکی اعانت کے دم پر معیشت و دفاع کو مضبوط کر سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں
پاکستان کو مسلمانوں کیلئے اپنی اہمیت سمجھنے کا سبق پڑھاتے ہوئے سیدہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کوسمجھنا چاہئے کہ وہ اُمت کی امیدوں کا مرکز ہے اسلئے اگر پاکستان امریکہ جیسے ممالک سے آس لگاتا ہے تو وہ دوسرے مظلوم مسلم ممالک کی مدد کیسے کرسکتا ہے جبکہ اس کے خود کا وجود خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرت کی جانب سے بھاری اثاثے ملے ہیں جن کے بل پر وہ ایک مضبوط ملک کے طور ابھرسکتا ہے۔ بیان میں درج ہے “وقتی طور پر پاکستان کو مشکلات آسکتی ہیں لیکن مستقبل قریب میں ہی پاکستان ایک مضبوط ملک کے طور ابھرے گا ۔ اگر پاکستانیوں کو یہ زعم ہے کہ اللہ کی مدد کے بجائے وہ امریکی اعانت کے دم پر معیشت و دفاع کو مضبوط کر سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں “۔امریکہ سے امداد لینے کو شرمناک بتاتے ہوئے سیدہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے ” یہ شرم کی بات ہے کہ پاکستان بھکاریوں کی طرح غیر ملکی امداد کا منتظر رہے اور بھارت جب چاہئے امریکہ سے کہہ کر یہ امداد رکوا دے۔ پاکستان غیور مسلمانوں کا ملک ہے ہم بھوکے تو رہ سکتے ہیں لیکن کسی کے سامنے نہیں جھک سکتے”۔
یہ بھی پڑھیں
امریکہ نے احمقانہ طور پاکستان کی مدد کی،بدلے میں دھوکہ ملا:ٹرمپ