ڈھاکہ// سعودی عرب نے بنگلہ دیش میں مساجد کی تعمیر کے لیے ڈھاکا حکومت کو 20ملین ڈالر کی فراہمی کی پیشکش کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اس بارے میں ایک سعودی جائزہ ٹیم جلد ہی بنگلہ دیش کا دورہ بھی کرے گی،یہ واضح نہیں کہ سعودی رقوم کو استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں یہ نئی مساجد کہاں تعمیر کی جائیں گی جبکہ سعودی پیشکش کی تصدیق بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کی گئی ہے ، جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس مالیاتی پیشکش کے قبول کیے جانے کے بعد ان رقوم کی فراہمی سے متعلق جملہ تفصیلات طے کرنے کے لیے ایک سعودی جائزہ ٹیم جلد ہی بنگلہ دیش کا دورہ بھی کرے گی۔
ڈھاکہ میں ملکی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق یہ پیشکش ڈھاکہ ہی میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ المطیری نے بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے جونیئر وزیر شہریار عالم کے ساتھ اپنی ایک ملاقات میں کی۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے مطابق خلیج کی بادشاہت سعودی عرب نے ان رقوم کے علاوہ ڈھاکہ حکومت کو روہنگیا مہاجرین کی انسانی بنیادوں پر مدد میں ہاتھ بٹانے کے لیے بھی 15 ملین ڈالر مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔