اسلام آباد// پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجواہ نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو صرف عزت دے امداد نہیں چاہیے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کو افغانستان کی جنگ خود لڑنی چاہیئے اور اسے پاکستان پر نہیں تھونپا جانا چاہیئے۔
اگر پاکستان نے مقابلہ نہیں کیا تو پھر دنیا نے بھی کچھ نہیں کیا ،اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کو ”ڈو مور“ کرنا پڑے گا۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مرکزی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے،ایک پاکستانی اخبار کے مطابق، ”قوم کے دل کی بات“ کہہ دی ۔اُن کا کہنا تھا ”امریکہ ہمیں عزت دے ،ہمیں امداد نہیں چاہیے“۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا بلا تفریق مقابلہ نہیں کیا ،اگر پاکستان نے مقابلہ نہیں کیا تو پھر دنیا نے بھی کچھ نہیں کیا ،اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کو ”ڈو مور“ کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا ”افغانستان اپنی جنگ خود لڑے ،ہم پر نہ تھونپے“۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ سی پیک اور پاک چین دوستی نا قابل تسخیر ہے ،سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں سرمایہ اور امن کی ضمانت ہے ۔