امرناتھ یاترا کیلئے تین دائروں والی سکیورٹی ہوگی:نرمل سنگھ

نائبِ وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ

سرینگر// بھاجپا کے سینئر لیڈر اور ریاست میں نائبِ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کشمیر کی صورتحال کو ”ٹھیک ٹھاک“بتاتے ہوئے تاہم کہا ہے کہ اگلے ماہ شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے تین دائروں والی سکیورٹی تعینات کی جارہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی کے حالات ٹھیک ہیں اور زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں کی سیر کو آنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مودی حکومت کے تین سال مکمل ہونے کے ضمن میں پنجاب میں تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریاست کے نائبِ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کہا کہ کشمیر وادی میں حالات پوری طرح سے قابو میں ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے تمام تیاریوں کو آخری شکل دی گئی ہے۔ نائبِ وزیر اعلیٰ کے مطابق یاتریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی جائے گی جبکہ بھگوتی نگر جموں سے پہلگام تک یاتریوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ فوج، پیرا ملٹری فورسزکے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر پولیس کو بھی یاترا کے دوران تعینات کیا جائے گا۔

نائبِ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست خاص کر وادی کشمیر میں امن و امان کی بحالی کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حالات کو معمول پر لانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی ریاست خاص کر وادی کشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے یاترا کے دوران جموں سرینگر شاہراہ پر بھی سیکورٹی فورسز کے اہلکار تعینات رہیں گے۔

Exit mobile version